
جدہ(یو این پی) سعودی عرب میں ام القریٰ کلینڈر کے مطابق رواں سال کے ماہ صیام کے روزوں کی طوالت کا حساب لگایا گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ صیام پچھلے اور آئندہ دس برسوں میں طویل ترین روزوں کا مہینہ ہو گا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ام القریٰ کلینڈر کے مطابق سعودی عرب میں طویل ترین روزہ 14 گھنٹے 55 منٹ کا ہو گا جب کہ اس سال کا چھوٹا روز 14 گھنٹے 51 منٹ کو محیط ہو گا۔ یوں پہلے اور آخری روزے میں صرف چار منٹ کا فرق ہو گا۔ گذشتہ برس پہلے اور آخری روزے میں 8 منٹ کا فرق تھا اور آئندہ برس یہ فرق چھ منٹ پر آ جائے گا۔ اگلے دس برسوں میں روزے کے اوقات میں بہ تدریج کمی آئے گی اور سنہ 1447 ھ میں 13 گھنٹے 22 منٹ کا روزہ ہو گا۔ ماہ صیام کے موسم گرما میں آنے سے متعلق ماہر فلکیات ڈاکٹر خالد الزعاق کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ صیام گرمیوں میں ضرور ہے مگر جتنی گرمی شوال میں پڑنے کا امکان ہے اتنی رمضان المبارک میں نہیں ہو گی۔ اس طرح گذشتہ برس کا رمضان ر واں سال کے رمضان سے زیادہ گرم ایام میں گذر چکا ہے۔ آئندہ برس کا ماہ صیام رواں ماہ صیام سے نسبتاً کم گرم دنوں میں آئے گا۔
ماہ صیام: پہلے اور آخری روزے میں صرف چار منٹ کا فرق








No Comments