جھنگ(یواین پی)ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ، میڈیا فاؤنڈیشن اور یونیسف کے اشتراک سے ضلع فیصل آباداور جھنگ کے مقامی صحافیوں کیلئے جینڈر ڈیزاسٹر اینڈ ہیومن ٹیرین رسپانس کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ لاہور پریس کلب میں منعقد ہوئی جس میں ماسٹر ٹرینرمیڈیا فاؤنڈیشن اورنگزیب خان نے میڈیا نمائندگان کو قدرتی اور حالات سے پیدا شدہ ہنگامی صورتحال میں رپورٹنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انفارمیشن آفیسر فیصل آباد محمد اویس عابد،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس جھنگ سے عابد رشید،ضلع فیصل آباد سے میاں انجم،وقاص احمد،سجاد حیدر،قدیر سکندر،حسام احمد،کاشف، حماد احمد،شوکت وٹو،رانا حنا جمیل،رانا جمیل احمد،ضلع جھنگ سے وحید اختر چوہدری،لیاقت علی شام،رائے منظور احمد عابد،ڈاکٹر محمد ریاض نول، ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نول اور کامران ساقی کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی لاہور کے شعبہ صحافت کی طالبات نے شرکت کی۔ دو روزہ ورکشاپ میں میڈیا فاؤنڈیشن کے ماسٹر ٹرینر نے شرکاء ٹریننگ کو مختلف سیشن میں سیلاب، زلزلہ، آندھی طوفان اور دیگر آفات کے دوران میڈیا رپورٹنگ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیا تنقیدی رپورٹس کے ساتھ ساتھ مصیبت میں گھرے ہوئے لوگوں کو خودکفیل بنانے کیلئے بھی جاندار کردار ادا کرے۔ انہوں نے میڈیا نمائندگان پر زور دیا کہ وہ اپنے ادارے کے ذریعے مسائل کی نشاندہی کریں جس کے دور رس نتائج برآمد ہونے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ ناگہانی صورتحال میں میڈیا سٹینڈرڈ سے آگاہی حاصل کرکے لوگوں کو ریلیف پہنچانے کیلئے متعلقہ اداروں کو متحرک کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹنگ کے دوران حکومتی وسائل کی کمی کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ دستیاب سہولیات اور تعمیرو بحالی کیلئے کئے گئے اقدامات کو بھی نمایاں جگہ دیں۔بعد ازاں ورکشاپ کے دوران میڈیا نمائندگان نے جینڈر ڈیزاسٹر اینڈ ہیومن ٹیرین رپورٹنگ کے بارے میں مختلف سوالات بھی کئے جن کے بذریعہ ملٹی میڈیا اور تفصیل جوابات بھی دیئے گئے۔ میڈیا نمائندگان نے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کو بیحد سراہا اور کہا کہ ایسی آگاہی ورکشاپس کاانعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے جس کی بدولت بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔ انہوں نے رپورٹنگ کے ضمن میں بعض تجاویز بھی پیش کیں۔ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر محکمہ تعلقات عامہ کے افسران اور میڈیا نمائندگان میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔