ملک کے بیشر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری

Published on July 16, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 367)      No Comments

images
اسلام آباد:(یو این پی) ملک کے بیشر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں سے جہاں کئی علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے وہیں کئی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ گزشتہ رات سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والی بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے جس کے بعد ممکنہ نقصان سے بچنے کے لئے ملحقہ علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب شدید بارشوں کے باعث شانگلہ سے گزرنے والے دریا میں طغیانی آ گئی ہے جب کہ سوات میں ہونے والی بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے، سوات کے بشام روڈ سمیت دیگر کئی سڑکیں پانی میں بہہ جانے کی وجہ سے عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جب کہ سیلابی ریلا 3 گاڑیوں اور 2 پاور ہاؤسز کو بھی بہا کر لے گیا ہے۔ سوات کے علاقے کروڑہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گاؤں خالی کرا لیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں راولپنڈی، گوجرانوالا، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال جب کہ خیبر پختونخوا میں ملاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب میں ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے جس کی وجہ سے دریائے سندھ کے قریبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی درالحکومت میں سب سے زیادہ بارش 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ پنجاب میں سب زیادہ بارش جہلم میں 71 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 70، راولپنڈی میں 59، منگلا میں 48، گوجرانوالا میں 39، منڈی بہاؤالدین میں 30، مری میں 11 اور لاہور میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا میں سب زیادہ دیر میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ مالم جبہ میں 26، سیدو شریف میں 22 اور ایبٹ آباد میں 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کشمیر کے علاقوں مظفر آباد میں 12، کوٹلی میں 03 اور راولاکوٹ میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے بانسبت سیلاب کے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题