قوم کو جشن آزادی مبارک“ شہری یوم آزادی کا آغاز ہوتے ہی سڑکوں پر نکل آئے

Published on August 14, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 691)      No Comments

05
لاہور، اسلام آباد، کراچی،کوئٹہ، پشاور(یو این پی)ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رات بارہ بجتے ہی ملک بھر میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ اس موقع پر لاکھوں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ لوگ ایک دوسرے کو آزادی کی مبارکباد دیتے رہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں انتہائی پر وقار تقریب ہوئی جس میں اعلیٰ سکیورٹی حکام اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ پی اے ایف اکیڈی رسالپور میں بھی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کیڈٹس نے پریڈ کی اور پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ کراچی میں بلاول ہاوس میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے شرکا میں نثار کھوڑو، سراج درانی، سعید غنی اور دوسرے رہنماوں نے شرکت کی اور کیک کاٹا۔ رہنما تقریب میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ رات کے بارہ بجتے ہی اس وقت ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پورا ملک رنگ و نور میں ڈوب گیا ہے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی ریلی میں عمران خان اور دوسرے رہنماوں نے بارہ بجتے ہی پرچم کشائی کی۔ لال حویلی راولپنڈی میں شیخ رشید نے پرچم لہرایا۔ اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ گوادر میں تین ہزار گاڑیوں کی ریلی نکالی گئی۔ ملک بھر میںشہری دہشتگردوں کے ناکام عزائم کے باوجود ملک سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس طرح شہریوں نے ان دہشتگردوں کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ کبھی اپنے مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ آج صبح کا آغاز ہوتے ہی وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور چاروں صوبوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ اس کے بعد تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔ ان تقریبات میں ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ وطن پر قربان ہونے والوں کی روح کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ آج مساجد میں بھی یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ کراچی سے پشاور تک لوگوں نے کیک کاٹے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر کئی شہروں میں زبردست فائرنگ بھی کی گئی۔ دوسری طرف پولیس بھی حرکت میں رہی اور سکیورٹی کے زبردست انتظامات کئے گئے۔ ون ویلرز کے خلاف بھر پور کارروائی کی گئی اور متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题