حسیب اعجاز عاشرؔ ایک باہمت لکھاری

Published on August 29, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 632)      No Comments

Haseeb
تحریر۔۔۔ مرزا محمد یٰسین بیگ
ادبی افق پر ایک جگمگاتے ستارے کا نام حسیب اعجاز عاشرہے اس ستارے نے نہ صرف اپنا وجود روشن رکھا ہوا ہے بلکہ کارزارادب میں نووارد بھی اسے اپنے لیے نشان منزل قرار دیتے ہیں۔حسیب اعجاز عاشرؔ بسلسلہ روزگار کافی عرصہ دیارغیر دوبئی میں مقیم رہے اور ایک تجارتی ادارے میں تکنیکی سیلز مینیجر کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دیتے رہے لیکن ان کے اندر چھپا ہوا ادیب اور لکھنے کی خداداد صلاحیت ہر آن جلوہ افروز ہونے کے لیے بے چین و بے قرار نظر آئے۔حسیب اعجاز عاشرؔ ایک باہمت لکھاری اور ادیب ہے جس نے غم روزگار کے ساتھ ساتھ میدان صحافت و ادب کو بطور شوق پال رکھا ہے ،2001کے اوائل کی بات ہے جب قلم و قرطاس کی محبت و بے قراری انہیں سیف اللہ سیفی ؔ انچارچ روزنامہ خبریں ،گلف ریجن کے پاس لے گئی اور انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے مخصوص ایڈیشن پر اپنی قلم کے جوہر دکھانے شروع کر دیے اس کے ساتھ ساتھ وہ اردو پوسٹ اور دوبئی ٹائمز کے لیے بطور جزوقتی رپورٹر اور فوٹو گرافر کے خدمات سرانجام دیتے رہے۔ان تجربات کے بعد ان کے قلم نے روانی سے چلنا شروع کر دیا اور انہوں نے سینئر کالم نگار حافظ زاہد علی کی معاونت و رہنمائی سے روزنامہ اردوٹائمز،روزنامہ میزبان اور روزنامہ جزبہ میں کالم نگار کی حیثیت سے بھی لکھنا شروع کر دیا ۔2006میں حافظ عبدالرزاق نے انہیں روزنامہ میزبان کا بیوروچیف مقرر کیا اور پھر انہوں نے وہاں بھی کچھ عرصہ رہ کر فن صحافت کے اسرار و رموز سیکھے۔حسیب اعجاز عاشر نے صحافت کے پرخار راستے سے جو تجربات حاصل کیے ان کی روشنی میں انہوں نے اپنے والد محترم کی سرپرستی میں یونیورسل اردو پوسٹ کے نام سے ایک ویب سائٹ قائم کی اور باقاعدگی سے وہ اس ویب سائٹ کو چلارہے ہیں ۔یونیورسل اردو پوسٹ اردو ادب کے فروغ کے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ یونیورسل اردوپوسٹ اردو ادب کے وابستگان کی تشنگی کا بطور خاص خیال رکھتی ہے اور اس کے علاوہ یہ ویب سائٹ نئے لکھنے والوں کے ایک مضبوط پلیٹ فارم کا کردار بھی ادا کررہی ہے۔اس وقت پانچ سو کے قریب لکھاری اس ویب سائٹ سے منسلک ہیں جو کہ کسی بھی ادبی پلیٹ فارم کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔یونیورسل اردو پوسٹ ادبی دنیا میں ایک انسائیکلو پیڈیا کی حیثیت حاصل کر چکی ہے۔حسیب اعجاز عاشر نے یونیورسل اردو پوسٹ پہ شائع ہونے والے مواد کو کتابی شکل میں ترتیب دیا ہے اور مرتب شدہ مجموعے کو بزم دانشوراں کے نام سے موسوم کیا گیا ہے ۔ بزم دانشوراں3300صفحات اور 769230الفاظ پر مشتمل ہے اور اس میں 263مختلف موضوعات پہ لکھے مضامین ،مختلف ادبی و علمی شخصیات اور ان کی تصانیف پہ لکھے گئے 50تبصرے، دلوں کو چھولینے والے مختلف ادباء کے 33 افسانے،178متفرق ادبی تقریبات کا احوال،مختلف شعراء کے کلام سے 810شاندار شعروں کا انتحاب شامل ہے۔مختلف ادبی اصناف کو ایک ہی جگہ یکجاء کردینا حسیب اعجاز کا ایک شاندار کارنامہ ہے ،بزم دانشوراں ادبی دنیا میں ایک ضخیم اور معتبر دستاویز کی حیثیت میں ایک خوبصورت اضافہ ہے۔حسیب اعجاز عاشرؔ کے مطابق قلم کی زبان سب سے موٗثر ہتھیار ہے اس نکلے ہوئے الفاظ خود راہیں تلاش کرتے ہوئے قریہ قریہ کوچہ کوچہ پہنچ کر پڑھنے والی نگاہیں تلاش کرلیتے ہیں اور یہ الفاظ کسی نہ کسی صورت میں کہیں نہ کہیں اپنی روح میں زندہ ضرور رہتے ہیں جو پھر سینہ بہ سینہ نسل در نسل اپنا اثر چھوڑنے کا موجب بنتے ہیں جبکہ لبوں سے نکلے الفاظ جب تک تحریری شکل اختیار نہ کر یں مستند نہیں سمجھے جاتے اور یہ بھی ناممکن نہیں کہ یہ الفاظ کسی موڑ پر اپنے حقیقی مفہوم اور صحیح معنی سے ناطہ توڑ لیں اور سماعتیں تو الفاظوں کے ردوبدل سے تاریخ کو ہی مسخ کردیں۔چونکہ لفظ کے بندھن سے بنی مقدس تحریریں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں اسی لیے روز اول سے ہی قلم کی طاقت سے عصری تقاضوں کے مصداق مثبت فکر کو معاشرے میں عام کرنا معاشرتی ناہمواریوں کا سدباب ہی اولین ترجیح ہے۔لفظ کی اہمیت کے پیش نظر ہی انہوں نے ’’بنایا لفظ نے سارا جہاں ہے‘‘ کو اپنے مرتب کردہ مجموعے کا سلوگن بنایا ہے۔ حسیب اعجاز عاشر صحافتی و ادبی خدمات پر متعد ایوارڈز و توصیفی اسناد حاصل کرچکے ہیں ۔
صحافتی خدمات۔۔تعریفی سند۔۔۔جنوری2012۔۔پاکستان ایسوسی ایشن دبئی
صحافتی و ادبی خدمات۔۔تعریفی سند و ،نشانِ سپاس۔۔مارچ 2012۔۔انٹرینشل اْردو مشاعرہ ابوظہبی
بہترین ڈپلومیٹک رپورٹنگ۔۔تعریفی سند و شیلڈ۔۔نومبر2012۔۔سری لنکن سفارتخانہ ابوظہبی
بیسٹ ڈپلومیٹک رپورٹر۔۔شیلڈ۔۔فروری 2013۔۔پیپل ٹو پیپل ریلیشن،دبئی
صحافتی و ادبی خدمات۔۔نشانِ سپاس۔۔مارچ 2013۔۔انٹرینشل اْردو مشاعرہ ابوظہبی
صحافتی خدمات۔۔تعریفی سند۔۔جولائی2013۔۔پاکستان سفارتخانہ ابوظہبی
صحافتی و ادبی خدمات۔۔نشانِ سپاس۔۔مارچ2014۔۔انٹرینشل اْردو مشاعرہ ابوظہبی
صحافتی و ادبی خدمات۔۔ایوارڈ۔۔2014۔۔دوست فورم،ابوظہبی، امارات
بہترین کالم نویسی۔۔تعریفی سند۔۔جون2015۔۔کالمسٹ کونسل آف پاکستان،پاکستان
صحافتی و ادبی خدمات۔۔تعریفی سند۔۔ستمبر2015۔۔مسفرہ انٹرنیشنل دبئی، امارات
صحافتی و ادبی خدمات۔۔تعریفی سند و شیلڈ۔۔ستمبر2015۔۔بزمِ اْردو، دبئی، امارات
صحافتی و ادبی خدمات۔۔تعریفی سند و شیلڈ۔۔اپریل 2016۔۔جگنو انٹرنیشل، لاہور، پاکستان

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes