تحریک انصاف نے پی پی 232 میں دھاندلی کے مبینہ ثبوت میڈیا کو پیش کر دیئے

Published on September 5, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 547)      No Comments

Aysha
تحریک انصاف نے پی پی 232 بورے والا میں دھاندلی کے مبینہ ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کر دیئے۔ عائشہ جٹ کہتی ہیں آج تک فارم نمبر 14 نہیں ملا الیکشن کو کالعدم قرار دیا جائے
لاہور(یو این پی) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بورے والا ضمنی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے ویڈیو ثبوت پیش کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے دھاندلی کر نے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور تحریک انصاف کی عائشہ نذیر جٹ کو کامیاب قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن نے نوٹس نہ لیا تو ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔ وہ سوموار کے روز لاہور پریس کلب میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید‘ تحر یک انصاف کی بورے والا سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والی خاتون امیدوار عائشہ نذیر جٹ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات تحر یک انصاف سید صمصام بخاری کے ہمراہ میڈیا کو دھاندلی کے حوالے سے ویڈیوز ثبوت دکھانے کے موقعہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’(ن) لیگ والوں نے دھاندلی کر نے کی پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اگر ہم دھاندلی پر انصاف مانگتے ہیں تو یہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے‘ ویڈیو میں صاف پتہ چل رہا ہے کہ ریٹرنگ آفیسر عامر جاوید اور (ن) لیگی امیدوار یوسف کسیلہ دیگر سر کاری عملے کے ساتھ مل کر ووٹوں کے تھیلوں میں رد بدل کر کے پہلے سے موجود سیلیں توڑ کر نئی سیلیں لگا رہے ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو جو ویڈیوز دکھائی ان میں (ن) لیگ کے امیدوار یوسف کسیلہ‘ ریٹرنگ آفیسر عامر جاوید ایک سرکاری سکول کی عمارت میں صبح سویرے ووٹوں کے تھیلوں کو کھول کر ان میں ووٹ نکالنے کے ساتھ ساتھ نئے ووٹ ڈالتے اور ووٹروں کے تھیلوں کو دوبارہ سیل کر رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ جب عوام کے ووٹوں کے تقدس کی حفاظت نہیں ہو گی تو عوام کا جمہوریت اور الیکشن کمیشن سے مزید اعتماد اٹھ جائے گا اور جب وزیر اعلی ضمنی انتخابات سے ایک دن پہلے خود ضلعی انتظامیہ کو فون کر کے کہیں گے مجھے نتائج چاہیے تو پھر دھاندلی ہی ہو گی جو اس ملک اور قوم کے ساتھ ظلم ہے جس کے خلاف ہم آواز بلند کر رہے ہیں۔ پی پی 232 سے پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار عائشہ نذیر جٹ نے کہا کہ میرے حلقے میں ہونے والی دھاندلی کے جتنے ثبوت میں سامنے لے کر آئی ہوں اتنے زیادہ اور شفاف ثبوت فراہم کر نے کی کوئی اور مثال نہیں ملتی لیکن بد قسمتی سے کوئی نوٹس نہیں لے رہا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والوں کو دھاندلی کرنے کا بہت تجربہ ہے میرے حلقے میں (ن) لیگ نے پری پول دھاندلی اور الیکشن والے دن سمیت 3 مرحلوں میں دھاندلی کی ہے (ن) لیگ کے ورزاء حلقے میں ووٹ مانگتے رہے‘ (ن) لیگی امیدوار نے لوگوں کو بیت المال‘ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دیگر شعبوں سے کروڑوں کی رشوت دی اور میرے وہ سپورٹر جو سر کاری ملازمتیں کرتے ہیں ان کو انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں گئیں مگر اس کے باوجود (ن) لیگ کامیاب نہیں ہوئی بلکہ دھاندلی سے یوسف کسیلہ خود کو ایم پی اے سمجھ رہے ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes