بھارت کی تمام سازشوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے، پاکستان

Published on October 15, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 356)      No Comments

2
اسلام آباد:(یو این پی)  دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی وجہ سے ہندوستان گھبرایا ہوا ہے اور بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بھارتی گھبراہٹ کا نمونہ ہیں۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ ‘ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہندوستان کی پریشانی کا مظہر ہے’۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر 70 برس پرانا اور اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے، ‘ہم نے کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کرنے کا عزم کیا تھا اور ہم اسے مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے’۔ پریس بریفنگ کے دوران نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ ‘وزیراعظم نواز شریف کے کشمیر کے حوالے سے خصوصی نمائندگان کے دورے کامیاب رہے، جنھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کیا’۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کمی نہیں آئی اور پیلٹ گن کا استعمال اب بھی جاری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے سے روک رہا ہے اور بھارتی میڈیا نے کئی رپورٹس حقائق کے برعکس چلائیں لیکن پاکستانی میڈیا نے حقائق دکھا کر بھارتی میڈیا کو ایکسپوز کیا۔ ان کا کہنا تھا ‘پاکستانی میڈیا ذمہ دار کردار ادا کر رہا ہے اور یہی کردار ہونا چاہیئے’۔ ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرانے کے حوالے سے بھارتی رہنماؤں کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں اور ہندوستان افغانستان کی سرزمین کو بھی پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ سرجیکل اسٹرائیکس کے ہندوستانی دعووں کو ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ‘سرجیکل اسٹرائیکس بھارت کے کئی جھوٹے دعووں میں سے ایک ہے اور ہندوستان کا یہ ڈرامہ بے نقاب ہوچکا ہے، اس جھوٹ کا مقصد مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا تھا’۔ نفیس ذکریا نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ‘ملک کے تمام ادارے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے ایک پیج پر ہیں’۔ پاکستان کی سفارتی تنہائی کے تاثر کو رَد کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ‘یہ کہنا کہ پاکستان بین الاقوامی تنہائی کا شکار ہو رہا ہے پروپیگنڈا ہے، پاکستان کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور اسلام آباد عالمی سطح پر قطعی طور پر تنہا نہیں ہے’۔ ان کا مزید کہنا تھا ‘پاکستان انرجی کوریڈور کی اہمیت رکھتا ہے اور وسط ایشیا اور باقی دنیا میں رابطے کا ذریعہ ہے جبکہ پاکستان کے یورپ اور دیگر دنیا سے روابط میں بھی بہتری آ رہی ہے’۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy