وزیر اعظم نے عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کے نشتر چلائے

Published on November 3, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 441)      No Comments

55
اسلام آباد (یو این پی) وفاقی کابینہ کے بدھ کو ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف نے عمران خان کا نام لئے بغیر ان پر تنقید کے خوب نشتر چلائے اور کہا کہ منفی سیاست اس شخص کا مستقبل تباہ کر دے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف انتہائی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے اور فرداً فرداً کابینہ کے ہر رکن سے ہاتھ ملایا ان سے گپ شپ کی حتیٰ کہ وزیر اعظم نے وزیر اعظم آفس کے عملے سے بھی مصافحہ کیا تاہم جب اجلاس شروع ہوا تو وزیر اعظم نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے اور کہا آپ نے اپنے دیرینہ دوست سے میچ جیت لیا۔ جس طریقے سے آپ نے ان کی دھرنا سیاست کو الٹایا ہے اس پر چوہدری نثار کا کردار مثالی ہے۔ حالانکہ چوہدری نثار کے عمران خان دیرینہ دوست ہیں۔ جس پر چوہدری نثار نے کہا جناب وزیر اعظم وہ میرے دیرینہ دوست تھے اب نہیں ہیں 2014 کے دھرنے میں انہوں نے وعدہ خلافی کی جس کے بعد دوستی ختم ہو گئی اور اب جو میں نے کیا وہ آئین اور قانون کے مطابق اور ریاست کے تحفظ کے لئے کیا۔ بطور وزیر داخلہ یہ میری ڈیوٹی تھی جو میں نے انجام دی اور اس میں پولیس اور ایف سی کا بھی بڑا مثبت اہم اور قابل قدر کردار تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں کہیں بھی عمران خان کا نام نہ لیا تاہم تنقید کے نشتر خوب چلائے اور کہا کہ اس طرح سیاست نہیں ہوتی جس طرح یہ کر رہے ہیں۔ میں ججز بحالی تحریک کے دوران نکلا تھا تو سب سے آگے تھا یہ تو بنی گالہ کی پہاڑی سے نیچے ہی نہیں آئے اس قسم کی منفی سیاست ان کا مستقبل تباہ کر دے گی۔ ہم نے ماضی کے طریقہ سیاست کو دفن کر دیا مگر یہ پھر بھی نہیں سمجھے یہ ملکی ترقی اور استحکام کے دشمن ہیں۔ ہم نے تو پہلے ہی پانامہ لیکس کے معاملے پر عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تھا اور اب بھی عدالتی کمیشن کا فیصلہ مانیں گے۔ فیصلہ چاہے ہمارے حق میں ہو یا خلاف ہم نتائج کے لئے تیار تھے اور ہیں۔ میں یا میرے خاندان نے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر رکھا ہے پہلے بھی سرخرو ہوئے تھے اب بھی سرخرو ہوں گے۔ دھرنا سیاست ملک کے مفاد میں نہیں اور عوام نے ان کو یکسر رد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر بعض وزراء کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ابھی بہت کچھ دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اب یہ یوم شرمندگی کو یوم تشکر منا رہے ہیں۔ بتائیں پانچ ہزار کرسیوں پر دس لاکھ افراد کیسے بیٹھیں گے۔ 100 روپے لے کر جو کارکنوں سے کروڑوں روپے اکٹھے کئے اس کا بھی ان سے حساب مانگا جانا چاہیے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپنے وزراء کی باتیں سن کر مسکراتے رہے۔ تاہم ساتھ ہی واضح کیا کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی کا عمل مزید تیزی کے ساتھ جاری رکھیں گے اور 2018ء کے انتخابات میں بھی ن لیگ ہی کامیاب ہو گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes