بدعنوان عناسر سے حساب کتاب کرنا نیب چیئرمین کی ذمہ داری ہے ؛صدر مملکت ممنون حسین

Published on December 9, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 302)      No Comments

4
اسلام آباد(یو این پی) صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف محمود وتھرا کے رفقاء سے کہنا چاہتا ہوں کہ بدعنوانی کے خلاف جہاد کو اس طرح جاری رکھیں کہ آپ یہ کام نہ صرف اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے کر رہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کر رہے ہیں۔ ہمیں مسلمانوں کو بنیادی طور پر یہ بات بتائی گئی ہے ہمارا دنیا میں آنے کا سب سے بڑا مقصد اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ہے۔ ہمارا عقیدہ ہے کہ موت کے بعد ہمیں اور زندگی ملنی ہے۔ اس دور کے لئے ہم نے اپنی زندگی کو سنوارنا ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وفاقی وزیربرائے قانون وانصاف زاہد حامد، چیئرمین قومی احتساب بیورو قمر زمان چوہدری اورگورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا کے علاوہ غیر ملکی سفیروں اور معز ز مہمانوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم کرپشن اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے جو بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وہ کردار ادا کریں، صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گذشتہ ادوار میں مختلف محکموں میں جس طرح بھرتیاں کی گئی ہیں بہت سے ایسے لوگ محکموں میں موجود ہیں جن کو وہاں نہیں ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب، گورنر اسٹیٹ بینک یا دیگر جو بھی ذمہ داران ہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ اپنے محکموں کو صاف ستھرا کریں اگر ان کے ہاں کوئی بدعنوان لوگ موجود ہیں تو اس سے اپنے محکموں کو پاک کریں تاکہ ان کی کارکردگی بہتر ہے۔ اس کے بغیر محکمے وہ مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں کبھی کبھی حیرانگی ہوتی ہے اور ایسے لوگوں کے بیانات سامنے آتے ہیں۔ اخبارات یا کہیں اور بیانات ملتے ہیں کہ میں یہ جانتا ہوں کہ وہ کرپٹ اور بدعنوان شخص ہے لیکن وہ ایسے واشگاف الفاظ میں بات کر رہا ہوتا ہے یا تقریر کر رہا ہوتا ہے جیسے اس سے بڑا ایماندار اس معاشرے میں ہے ہی نہیں۔ ایسے لوگوں کی بیخ کنی کے لئے ضروری ہے کہ محکمے ان لوگوں کو عبرت کا نشان بنائیں اور تندہی سے کام کریں ورنہ ہمارا معاشرہ درست نہیں ہو گا یہ بے غیرت اور بے شرم لوگ جو بدعنوانی کرنے کے باوجود بھی ایسے معاشرے میں تن کر کھڑے ہوتے ہیں ان کا حساب کتاب کرنا نیب چیئرمین کی ذمہ داری ہے۔ وزیر قانون زاہد حامد، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف محمود وتھرا اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme