پی ایس ایل: کراچی کنگز ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 8 رنز سے فاتح

Published on February 18, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 376)      No Comments

3
شارجہ(یواین پی)شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان کمارسنگارا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سیم بلنگز اور ڈوائن سمتھ میدان میں اترے تاہم جلد ہی بلنگز ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم نے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر ان کی وکٹ لی۔ سیم بلنگز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ ٹیم کا سکور ابھی 10 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ بریڈ ہیڈن بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ بریڈ ہیڈن نے صرف 6 رنز بنائے۔ 32 رنز کے سکور پر شنواری نے سمتھ کا کیچ ڈراپ کرکے ایک اہم وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد میچ ابھی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہی ہوا تھا کہ اچانک بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے میچ کو روکنا پڑا۔ بارش تھمنے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تاہم میچ کو 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا سکور 49 تک پہنچا تو ڈوائن سمتھ بھی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اسامہ میر کی گیند پر وکٹ کیپر کمار سنگاکارا نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے بعد آٹھ اعشاریہ پانچ اوورز میں یونائیٹڈ نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی چوتھی وکٹ 59 کے سکور پر گری جب کپتان مصباح الحق بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسامہ میر کی گیند پر بابر اعظم نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ آخری اوور میں کمار سنگاکارا نے انتہائی شاندار وکٹ کیپنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شین واٹسن کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل شین واٹسن نے محمد عامر کے اوور میں دو چھکے مار کر میچ کو بہت دلچسپ بنا دیا تھا۔ اس کے بعد یونائیٹڈ کا چھٹا کھلاڑی بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹا۔ ساتویں کھلاڑی کی وکٹ عثمان خان کے حصے میں آئی اور سنگاکارا نے ہی کیچ لیا۔ جبکہ آٹھویں کھلاڑی محمد سمیع کو بھی کنگز کے کپتان نے رن آؤٹ کرکے باہر کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم اور اسامہ میر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 95 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب کرس گیل کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد عرفان کی گیند پر محمد سمیع نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے بعد تیسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر عرفان کے یارکر نے سنگاکارا کو بھی بولڈ کرکے چلتا کیا۔ انہوں نے صرف دو رنز بنائے۔ اس کے بعد بابر اعظم نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور اپنی جارحانہ بلے بازی سے سکور کو آگے بڑھایا تاہم کراچی کنگز کا سکور ابھی 49 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ شعیب ملک بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عمران خالد کی گیند پر سعید اجمل نے ان کا کیچ لیا۔ کنگز کے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی روی بوپارا تھے جن کو شاداب خان نے خوبصورتی سے رن آؤٹ کیا۔ تاہم اس کے بعد پھر ایک مرتبہ بارش نے میدان کو آ گھیرا جس کے بعد ایمپائرز نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت کراچی کنگز کو فاتح قرار دیدیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی یہ پہلی فتح ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy