کویت نے پاکستانیوں کے لئے ویزے بحال کردیئے

Published on March 8, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 362)      No Comments

2
کویت سٹی /  اسلام آباد(یو این پی) کویت نے پاکستانیوں کے لئے گزشتہ 6 سال سے بند ویزے بحال کردیے جب کہ دونوں ملکوں نے مشترکہ بزنس کونسل بنانے سمیت 5 دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے امیر کویت شیخ صباح احمد الجابر الصباح سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات میں شرکت کی۔ کویت کے سفیرعبدالرحمٰن  کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستانیوں پر6 سال سے عائد ویزا پابندیاں اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دفاع، توانائی، زراعت، تعمیرات، پولٹری، لائیواسٹاک اور فشریز کے شعبوں میں دونوں ملکوں میں تعاون کے وسیع ترمواقع موجود ہیں اور اس حوالے سے تعاون کے لئے دونوں ممالک کے درمیان اجلاس ہونے چاہئیں۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتااورمختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیناچاہتا ہے۔وزیر اعظم نے امیرکویت کو وزیراعظم کویت، اسپیکر کویتی پارلیمنٹ اور کویتی سرمایہ کاروں سے ہونے والی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔ نواز شریف نے امیرکویت کا پاکستانی وفد کے شاندار استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کویتی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے کثیرمواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف نے کویت کے وزیراعظم شیخ جابرالمبارک الحامد الصباح سے ملاقات اوروفود کی سطح پر مذاکرات میں شرکت کی۔ وزیراعظم کے دورہ کویت کے بارے میں اسلام آباد سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس موقع پرنوازشریف نے کہا کہ ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے، اس سے پاکستان کی جانب سے کویت کے ساتھ تعلقات کودی جانے والی اہمیت کا بھی اندازہ ہوتا ہے، دونوں ملک طویل عرصے سے اقتصادی اور تجارتی شراکت دار رہے ہیں اور پاکستان کویت کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题