مجھے صرف عدالت کا ہی نہیں بلکہ عوامی عدالت سے بھی انصاف چاہیئے ،حامد سعید کاظمی

Published on March 30, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 335)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی)انجمن طلباء اسلام صوبہ پنجاب کے سیکریڑی اطلاعات محمد اکرم رضوی کی قیادت میں وفد نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور حج کرپشن کیس میں باعزت رہائی پر مبارکباد پھولوں کا گلدستہ اور مٹھائی پیش کی ۔صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے اے ٹی آئی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عدالتی فیصلے نے میری بیگناہی ثابت کردی ہے ۔میری رہائی ڈیل نہیں بلکہ اللہ اور نبی کریم ؐکے فضل و کرم اور عدالت حکم سے ہوئی ۔ جھوٹے الزامات لگانے والوں کو کڑی سزا ملنی چا ہیے ۔6 سال مسلسل میری کردار کشی کی مہم چلائی گئی اور بدنام کرنے کی کوشش کی گئی بالآخرتمام سازشیں آخر ناکام اور نامراد ہوئیں ۔ اللہ نے ہر مشکل میں ثابت قدم رکھا ۔6سالہ تحقیق اور تفتیش میں ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے مجھ پر کرپشن کے الزامات کو غلط قرار دیا ہے اور اب اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے اصل حقائق کھل کرسامنے آگئے ہیں۔یوا ین پی کے مطابق صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے مزیدکہا کہ سابق چیف جسٹس نے سومٹو کرپشن پر نہیں بلکہ حاجیوں کی مشکلات پر لیا تھا جبکہ حاجیوں کی مشکلات میں اضافہ ٹرین کیلئے بنائے جانے والے اسٹیشن کی تعمیر سے ہواکیونکہ ٹرین کامنی اور عرفات کے درمیان سے گزرنا تھاجس وجہ سے وہاں پر موجود حجاج اکرام کے کیمپس ختم کر دئیے گئے تھے جبکہ ایک سازش کے تحت مجھے اس کیس میں پھنسوایا گیا اور ناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی ۔میری نیک نامی پر جو دھبے لگائے گئے تھے عدالتی فیصلے سے وہ دھولے اور میں اللہ تعالی اور رسول کریمؐاور عوامی عدالت میں سر خرو ہوا ۔الزامات لگانے والے چھ سالہ ٹرائل کے دوران میرے خلاف گواہی یا ثبوت دینا تو دورکی بات عدالت میں آکرایک لفظ بھی نہیں بولے۔انہوں نے مزید کہا جیل میں مجھے کوئی سہولت میسر نہیں تھی بلکہ عام قیدی کی طرح رکھا گیا اور عام قیدی والی یونیفارم پہنتا تھا جبکہ مجھے اے کلاس کی بجائے سی کلاس دی گئی تھی۔ موجودہ فیصلے سے میرے لئے انصاف کے راستے کھلیں گے ۔مجھے صرف عدالت کا ہی نہیں بلکہ عوامی عدالت سے بھی انصاف چاہیے ۔ایف آئی اے کے پاس میرے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں تھے جبکہ 56گواہان استغاثہ میں سے کسی نے ایک لفظ بھی میرے خلاف عدالت میں نہیں کہا ۔میرے تمام بنک اکاونٹس کی بھی چھان بین کی گئی مگر کچھ حاصل نہ ہوا۔مجھ پر الزام لگانے والے پاکستان سفیر عمر خان شیر زائی اور اعظم سواتی اور بلال یسین تھے ۔ الزامات لگانے والے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے وکلاء سے مشاورت کے بعد فیصلے کریں گے ۔اے ٹی آئی کے وفد میں قاری زوار بہادر،نور المصطفی عطاری ،طیب شیخ ،ملک شاہ نواز کھوکھر شامل تھے ۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy