تعلیم کے بہتر مواقعوں کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،محمد خان اچکزئی

Published on April 20, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 312)      No Comments

کوئٹہ(یو این پی)گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کیڈٹ کالجز بلوچستان میں جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے، مختص فنڈز کے بروقت اور فعال استعمال کو یقینی بنانے اور زیر تعمیر کیڈٹ کالجوں کو جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے حوالے سے بورڈ آف کیڈٹ کالجز بلوچستان کا اجلاس فوری طور پر بلانے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بہتر مواقعوں کی فراہمی اور معیاتی تعلیم کے حصول کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں کیڈٹ کالجز بلوچستان سے متعلق بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ خواہش اور کوشش رہی ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں کیڈٹ کالجوں کی تکمیل کے بعد نئی نسل کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تربیت کے مواقع ان کی دہلیز پر میسر ہوں تاکہ نوجوان منظم تعلیمی اداروں اور پرسکون تعلیمی ماحول میں پڑھائی کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک وقوم کا روشن مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں اس ضمن میں نئی نسل کی اچھی تعلیم وتربیت، کردار سازی اور ان کے اذہان کو جدید علم ودانش کی روشنی سے روشن کرنے میں اپنے معروضی حالات اور مطلوبہ تقاضوں کو اپنی نظر میں رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔ زندگی کے ہرشعبے سے باصلاحیت وباکردار قیادت فراہم کرنے، کردار سازی اور اخلاق سنوارنے کے حوالے سے کیڈٹ کالجوں کا کلیدی کردار رہا ہے اور آج بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نوجوان تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیڈٹ کالجوں کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کے میٹریل کا استعمال یقینی بنائیں اور تعمیراتی کام کی رفتار تیز کریں تاکہ معیاری تعلیم اور نظم ونسق کے فروغ کے مواقع جلد میسر ہوجائیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog