لاہورہائیکورٹ بار کا وزیراعظم سے استعفی کا مطالبہ، تحریک چلانے کی دھمکی

Published on April 23, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 290)      No Comments

لاہور(یو این پی)لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پاناما کیس کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے استعفٰٰی کا مطالبہ کرتے ہوئے وکلا تحریک چلانے کی دھمکی دے ڈالی۔ہفتہ کولاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقار چوہدری، نائب صدر راشد لودھی، سیکرٹری عامر سعید راں اور فنانس سیکرٹری ظہیر بٹ نے اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقار نے کہا کہ اگر وزیراعظم نے ایک ہفتے میں استعفی نہ دیا تو عدلیہ بحالی سے بڑی تحریک چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ واحد فیصلہ ہے جس میں سپریم کورٹ کے پانچوں ججز اس ایک نکتے پر متفق ہیں کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ذوالفقار چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘پاناما لیکس کے معاملے پر دنیا بھر سے استعفے آئے، مگر وزیراعظم نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا’۔انھوں نے کہا کہ ‘استعفی کا مطالبہ جائز ہے کیوں کہ ماتحت افسران وزیراعظم کے خلاف غیر جانبدار تحقیقات نہیں کر سکتے’۔بار ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ وکلا کے ملک گیر کنونشن کے علاوہ آل پارٹیز کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ بار کے نائب صدر راشد لودھی نے کہا کہ پہلی مرتبہ کرپشن سپریم کورٹ کا موضوع بنا اور منی ٹریل پر سپریم کورٹ نے سنجیدہ سوالات اٹھائے جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کا موقف مسترد کر دیا ہے، لہذا اب وہ اپنے عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری عامر سعید راں کا کہنا تھا کہ 20 اپریل کے فیصلے نے وزیراعظم کے خلاف فرد جرم عائد کی ہے اور فیصلے میں دو ججز نے واضح کردیا کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے۔
Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes