عدالت سے وزیر اعظم کو مجرم اعظم ثابت کردیا ہے ،مشتاق احمد خان

Published on April 30, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 358)      No Comments


بٹگرام ( یو این پی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے دو ججوں نے کہہ دیا ہے کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں، ان سے تحقیقات ہونی چاہئیں، سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کے مؤقف کی حمایت کی ہے، عدالت سے وزیر اعظم کو مجرم اعظم ثابت کردیا ہے ، جلد سابق صدر آصف زرداری کی کرپشن کو بھی عدالت کے ذریعے عوام کے سامنے لائیں گے۔ چوروں، لٹیروں اور بدعنوانوں کا یوم احتساب قریب ہے۔ امیر مقام ایمان کے سوداگر نہ بنیں، عوام نے امیر مقام کی بجلی اور گیس کی سیاست مسترد کردی ہے، کتاب، سائیکل اور شیر پر انتخاب لڑنے والے امیر مقام آئندہ گدھے کے نشان پر انتخابات لڑیں گے۔امیر مقام سے بٹگرام کے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ وصول کریں گے۔ نادرا اور واپڈا پختونوں کے دشمن ادارے ہیں،نادرا نے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کردئیے جبکہ واپڈا پختونوں کو بجلی نہیں دے رہا، دونوں اداروں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو بھر پور احتجاج کریں گے۔ حکومت نے نوجوانوں کو تنہا چھوڑدیا ہے، نوجوان تعلیم، صحت ، روزگار اور کھیل کے میدان سے محروم ہیں، صدر اور وزیر اعظم ہاؤس کے لئے پیسے ہیں لیکن نوجوانوں کی تقدیر بدلنے کا کوئی منصوبہ نہیں ۔ جماعت اسلامی کے پاس نوجوانوں کی فلاح و بہبود کا ایجنڈہ موجود ہے۔ ہماری حکومت آئی تو خلافت راشدہ اور نظام مصطفی ﷺ کا نظام رائج کریں گے۔ 2018ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی بڑ ی قوت بن کر سامنے آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹگرام میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسہ عام سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر نورالحق ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد رفیق ، امیر ضلع امداداللہ و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع بھی موجود تھے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو اب باعزت طور پر استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ عدالت نے انہیں ملزم ثابت کرکے جے آئی ٹی بنادی ہے، اب وزیر اعظم جے آئی ٹی کا سامنا کریں اور اپنی کرپشن کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام لوگوں کو بے وقوف بنانے اور ان کا ایمان خریدنے کی کوشش کررہے ہیں ، بجلی گیس کی سیاست کو بٹگرام اور شانگلہ کی پہاڑیوں میں دفن کردیں گے۔ امیر مقام نے غریب لوگوں کا پیسہ کھایا ہے، ان کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر مسلط ٹولہ نظام مصطفی ﷺ سے خوفزدہ ہے۔ یہ ٹولہ سیاست پاکستان کے نام پرکرتا ہے لیکن پاکستان کے ہسپتالوں میں علاج نہیں کراتا، ان کے بچے پاکستانی سکولوں اور کالجوں میں نہیں پڑھتے۔ پاکستان کے نام پر سیاست کرنے والے حکمران بننے کے بعد لوٹ مار کا بازار گرم کرتے ہیں، یہاں سے پیسہ لوٹ کر آف شور اکاؤنٹس میں جمع کرتے اور اس سے آف شور کمپنیاں بناتے ہیں۔ یہ طبقہ اللہ کا نہیں امریکہ اور یورپ کا غلام ہے۔ اس طبقے کے خلاف جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے۔ کرپٹ ٹولے کو ہری پور ، ڈیرہ اسماعیل خان اور اڈیالہ کی جیلوں میں بند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے، ہماری حکومت آئی تو نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔ دیانتدار اور مخلص قیادت لاکر صوبے کو کرپشن سے پاک ترقیافتہ صوبہ بنائیں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes