وزیراعظم نواز شریف اور دفتر خارجہ کی لندن میں حملوں کی مذمت

Published on June 4, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 222)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی) وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے لندن میں ہونے والے تازہ ترین دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں برطانوی حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔لندن میں دہشت گردوں کے حملہ میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ یونی ویژن نیوز کے مطابق ایک بیان میں وزیراعظم نوازشریف نے لندن میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن مستقل دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، حالیہ واقعہ بھی ممکنہ طور پر دہشت گردی ہے جس میں بے گناہ جانوں کا ضیاع ہوا، پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس زکریا نے بھی لندن میں ہونے والے دہشت گردی کے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان لندن میں دہشت گردی کی ہولناک کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے لندن حملوں میں چھ معصوم جانیں ضائع ہوئیں اورکئی لوگ زخمی بھی ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں برطانوی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اورعوام غمزدہ برطانوی خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان اس موقف کا اعادہ کرنا چاہتا ہے کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی لعنت ہے اور اس مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور تعاون کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ لندن میں اتوار کے روز دہشت گردوں کی جانب سے حملے میں چھ افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes