خلیجی ممالک کا تنازعہ ،قطر ایئر ویز پر پابندی کے باعث سینکڑوں پاکستانی عمرہ زائرین دوحہ ایئرپورٹ پر پھنس گئے

Published on June 6, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 302)      No Comments


دوحہ (یوا ین پی) خلیجی ممالک کا تنازعہ ،قطر ایئر ویز پر پابندی کے باعث ہزاروں پاکستانی عمرہ زائرین دوحہ ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔پاکستانی زائرین کو دوحہ ائرپورٹ سے جدہ اور مدینہ روانہ ہونا تھا تاہم پرواز کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے وہ ائرپورٹ پر محصور ہو کر رہ گئے ۔ مسافروں میں بزرگ مرد وخواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کے حکام جدہ اور مدینے کی پروازوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کررہے۔مسافر روزے کی حالت میں احرام باندھے انتظارکی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں ، مسافروں کا کہنا ہے سفارتخانے سے کسی نے رابطہ نہیں کیا اورنہ ہی ابھی تک کوئی متبادل انتظام کیا جاسکا ہے ، پی آئی اے کا عملہ آیا اور تسلی دے کر چلا گیا ، عمرہ زائرین نے پاکستانی حکام سے اپیل کی ہے ان کی وطن واپسی کیلئے انتظامات کئے جائیں۔پی آئی اے کے سی ای او نیئرحیات نے محصور پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پرواز قطر روانہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایئر لائن انتظامیہ کو سفارتی سطح پر رابطوں کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ نے بھی کہا ہے کہ قطر میں پاکستانی سفارتخانہ قطر ایئر ویز اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے ۔سفارتخانے کو عمرہ زائرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔اطلاعات کے مطابق دوحہ ائر پورٹ پر پھنسنے والے پاکستانی مسافروں میں سے 15 کا تعلق حیدر آباد سے جب کہ باقی مسافر ملک کے دیگر شہروں کے رہنے والے ہیں۔
Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme