کوئٹہ: زمین کے تنازع پر تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق

Published on June 8, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 556)      No Comments


کوئٹہ: (یوا ین پی)صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ غڑگئی میں ہونے والے اس واقعے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ تصادم زمین کے تنازع پر علی الصبح پیش آیا۔ سرہ غڑگئی میں ہونے والے اس تنازع کا آغاز زبانی تلخ کلامی سے ہوا جس کے بعد دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے دونوں گروپوں کا ایک ایک فرد ہلاک ہوا۔ ہلاک افراد کی شناخت مزمل اور امین اللہ کے ناموں سے ہوئی جن کا تعلق بزئی قبیلے سے بتایا جارہا ہے، جبکہ ان کی لاشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلح گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم کئی افراد کی جان لینے کا سبب بن چکے ہیں۔ ستمبر 2014 میں صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں دو مسلح گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی سال فروری میں خاران میں بھی اس نوعیت کا واقعہ پیش آیا تھا جب دو گروہوں کے درمیان مسلح جھڑپ میں آٹھ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy