افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ ٹیم کا درجہ مل گیا

Published on June 23, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 387)      No Comments


دبئی: (یو این پی)انٹرنیشنل کرکٹ میں تسلسل سے شاندار کارکردگی دکھانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے افغانستان اور آئرلینڈ کو فل ممبرز تسلیم کرتے ہوئے انہیں ٹیسٹ اسٹیٹس دے دیا ہے۔ جمعرات کو لندن میں ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ جنرل اجلاس میں آئی سی سی بورڈ نے ٹیسٹ ممبر شپ دینے پر دستخط کیے جس کے ساتھ ہی یہ ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ افغانستان اور آئرلینڈ کے بورڈ نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ ان کے اسٹیٹس کو ایسوسی ایٹ سے ترقی دی جائے جس کی جمعرات کو اجلاس میں تمام اراکین نے منظوری دے دی۔ ان دونوں ملکوں کے پاس پہلے سے ہی ٹی20 اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اسٹیٹس موجود تھا۔ یہ 2000 کے بعد پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس دیا گیا ہو اور آخری مرتبہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو ٹیسٹ ٹیم کا درجہ دیا گیا تھا۔افغانستان میں کرکٹ کی تاریخ بہت پرانی ہے اور فٹبال کے ساتھ ساتھ اس کھیل میں بھی افغان نوجوان انتہائی دلچسپی لیتے ہیں لیکن افغانستان کو اصل کامیابی اس وقت ملی جب 2011 میں انہیں ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا درجہ ملا۔ جنگ زدہ ملک ہونے کے باوجود افغان ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے سبب انہیں دو سال بعد ایسوسی ایٹ ملک کا درجہ دے دیا گیا۔ افغانستان نے ورلڈ کپ 2015 اور ورلڈ ٹی20 میں بھی شرکت کی اور اپنے کھیل سے سب سے متاثر کر کے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کے لئے خود کو اہم امیدوار ثابت کر دیا۔ 2007 ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دے کر دنیا کو حیران کرنے والی آئرلینڈ کی ٹیم نے تسلسل کے ساتھ اچھے کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور انگلینڈ سمیت کئی بڑی ٹیموں ک شکست دی جس کی بدولت وہ بھی ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ یاد رہے کہ کرکٹ میں سب سے پہلے ٹیسٹ اسٹیٹن انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو دیا گیا تھا جنہوں نے 1877 میں میلبرن کے تاریخی گراؤنڈ پر پہلا میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد 1889 میں جنوبی افریقہ، 1928 میں ویسٹ انڈیز، 1930 میں نیوزی لینڈ، 1932 میں ہندوستان، 1952 میں پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا درجہ دیا گیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes