سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس114میں ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کل ہوگی

Published on July 8, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 703)      No Comments


کراچی(یو این پی)سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 114کے لئے الیکشن مہم کا وقت ختم ہوگیا ہے۔کل ہونے والےضمنی انتخاب میں حلقے کے 1 لاکھ 93 ہزار 8 سو 92 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا نمائندہ منتخب کریں گے۔  پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی، ایم کیو ایم کے کامران ٹیسوری ، تحریک انصاف کے نجیب ہارون،جماعت اسلامی کے ظہور جدون، جمیعت علمائے اسلام کے دانیال گجر اور ن لیگ کے علی اکبر گجر سمیت 21 آزاد امیدوار اس حلقے میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ملکی سیاست میں صوبائی اسمبلی کا حلقہ پی ایس 114ایک اہم حیثیت اختیار کر چکا ہے۔اپنے اپنے امیدواروں کی حمایت کے لئے سیاسی جماعتوں کے تمام قائدین اس حلقے میں آئے، مخالفین پر لفظی حملے کئے، حلقے کے امیدواروں سے وعدے کئے جبکہ نئے نئے خواب دکھائے، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار کی حمایت میں مہاجر قومی موومنٹ نے بھی مہم چلائی جبکہ جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم نے بھی ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کی حمایت کردی، مہم کے اختتام پر غیر جانبدار تجزیہ کاروں نے مسلم لیگ ن کے امیدوار اور ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کے درمیان کڑے مقابلے کی توقعات کا اظہار کیا ہے تاہم پیپلز پارٹی کے سعید غنی اور جماعت اسلامی کے سعید جدون بھی نتیجے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔پی ایس 114 کراچی کے ضلع شرقی کا ایک ایسا حلقہ ہے جہاں کشمیری، پنجابی، مہاجر، سندھی، پختون اور ہزارہ وال آباد ہیں وہیں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں مسیحی برادری بھی بستی ہے جن کے ووٹرز کی تعداد تقریبا 30000 ہے اور یہ مستعد ووٹر جس کی جھولی میں گرا اسے جتوا سکتا ہے۔ اسی لئے سعید غنی مسیحی برادری کو ساتھ ملانے کے لئے متواترملاقاتوں میں مصروف ہیں، جہاں وہ بشپ آف پاکستان سے ملے وہیں مسیحی برادری کے مسائل کے حل کے لئے یقین دہانیاں بھی کروا رہے ہیں ۔ اس حلقے میں محمود آباد، منظور کالونی، چنیسر گوٹھ، اعظم بستی ، جونیجو ٹاون اور کشمیر کالونی کے کچھ حصے شامل ہیں۔ یہ نشست 2 بار عرفان اللہ مروت نے جیتی ہے جبکہ ایک بار متحدہ قومی موومنٹ کے ہاتھ بھی آئی ہے۔ عام انتخابات سے کچھ پہلے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب نے اس وقت ماحول گرما دیا جب عرفان اللہ مروت نے پی ٹی آئی کے نجیب ہارون کی حمایت کا اعلان کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes