شاہ ہمدان کے پیروکاروں کو شکست نہیں دی جاسکتی: محمد یاسین ملک

Published on August 30, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 478)      No Comments


سرینگر (یوا ین پی ) مقبوضہ کشمیر میں لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ قتل و غارت،مار پیٹ،گرفتاریوں کا چکر اور دوسرے ظالمانہ ہتھکنڈے اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ بھارت صرف فوجی اور پولیس کی طاقت کے بل پر جموں کشمیر پر قابض ہے لیکن ایک قوم و ملت ، جس نے آزادی کو حاصل کرنے کا عزم کررکھا ہو کو ظالمانہ و جابرانہ اقدامات سے شکست نہیں دی جاسکتی۔عرس شاہ ہمدان کے موقع پر خانقاہ معلی میں ایک مجلس سے خطاب کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ شاہ ہمدان نے کشمیریوں کو روحانی اور دنیاوی محاذ وں پر قیادت فراہم کی بلکہ ہماری اقتصادی زندگی میں بھی ایک انقلاب بپا کیا جس نے کشمیریوں کی دنیاوی و دینی زندگی کو تبدیل کردیا۔انہی خصوصیات کی بنیاد پر علامہ اقبال نے انہیں سالار عجم کے لقب سے یاد کیا اور انکی دینی و سماجی کاوشوں کی تائید و توثیق کی۔یاسین ملک نے کہا کہ آج جبکہ ہمارے دشمنوں نے اسلام اور انسانیت کے خلاف ایک جنگ شروع کررکھی ہے،ہم کشمیریوں پر لازم ہے کہ ہم اپنے ان اسلاف جن میں شاہ ہمدان قابل ذکر ہیں کے فرمودات اور سکھائی ہوئیں تعلیمات پر عمل پیرا ہوں جنہوں نے ہمیں جھوٹ اور فریب کے خلاف ڈٹ جانے اور ناجائز تسلط ،ظلم اور جبر کے خلاف سخت مزاحمت کرتے رہنے کا درس دیا ہے۔لبریشن فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ بھارتی فوج،پولیس، ایس او جی اور دوسری فورسزنے پورے کشمیر کو جہنم زار بنارکھا ہے۔ لوگوں کی بلا تخصیص عمر و جنس مار پیٹ، شبانہ چھاپوں اور کریک ڈاؤن کی بھرمار اورگرفتاریوں کا لامتناہی چکر روز کا معمول بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ظلم و جبرایک ایسا ملک کررہا ہے جو اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلواتا پھرتا ہے لیکن جموں کشمیر میں عوامی آواز کو دبانے کیلئے صرف فوجی طاقت کے غیر جمہوری استعمال میں ہی یقین رکھتا ہے۔این آئی اے کی جانب سے چھاپوں کو سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ مزاحمتی قائدین کے رشتہ داروں،دوستوں،دوست و احباب اور تعلق داروں،انکے بہن بھایؤں اور اولاد کو نہ صرف تنگ طلب کیا جارہا ہے ، اور ایسا صرف اسلئے کیا جارہا ہے تاکہ ان سے اپنی مرضی کابیان نکلوا کر مزاحمت اور قیادت کو بدنام کیا جاسکے۔ یاسین ملک نے کہا کہ حکمرانوں اور انکی ایجنسیوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ آج تک کوئی بھی ایسی قوم کہ جس نے غلامی سے خلاصی پانے کیلئے جدوجہد کا عزم صمیم کیا ہوا ہو کو اس قسم کے بھونڈے ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر سے شکست نہیں دی جاسکی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes