این اے 120کاضمنی انتخاب عوام کے شعور کا بھی امتحان ہوگا ،ووٹ کا درست استعمال کیا جائے ‘ ناہید خان

Published on September 9, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 426)      No Comments

لاہور(یواین پی)پاکستان پیپلز پارٹی ( ورکرز) کی این اے 120کے علاقہ مزنگ میںڈور ٹو ڈور مہم عوامی اجتماع میں بدل گئی ، نظریاتی کارکنوںاور ووٹرز نے پیپلز پارٹی سے دیرینہ وابستگی رکھنے والے رہنمائوںناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی کی آمد پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور شہید قیادت اور رہنمائوںکے حق میں بھرپور نعرے لگائے ۔اس موقع پر این اے 120سے امیدوار ساجدہ میر، سردار حر بخاری، ابن رضوی، آمنہ زیدی، سلیم خان اور وسیم خان سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی مزنگ کے علاقوں ٹمپل روڈاور صفانوالہ چوک میں واقع دکانوں ، ڈھابوں اور گھرو ں میں گئے اور اپنے منشور سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر حلقے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ناہید خان نے کہا کہ این اے 120کاضمنی انتخاب میںعوام کے شعورکا بھی امتحان ہوگا اس لئے ووٹ کا سوچ سمجھ کر درست استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں اورانہیں صرف اپنے مفادات عزیز ہیں۔ مریم نواز شریف بڑے فخر سے یہ تو بتاتی ہیں کہ ان کے والد اس حلقے سے تین مرتبہ منتخب ہو کر وزیر اعظم بنے لیکن وہ اس حلقے کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے کیوں شرماتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہے اور نہ ہی سیوریج کا کوئی نظام ہے ۔ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ نواز شریف صاحب نے یہاں سے منتخب ہونے کے بعد ایک بار بھی حلقے کی طرف مڑ کر نہیں دیکھا ۔ وزیر اعظم کا حلقہ انتخاب ہونے کے باوجود این اے 120پسماندہ ترین حلقہ ہے ۔چند روز قبل ہونے والی بارش نے حکومت کی گڈگورننس کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے نتائج سے عوام کے مستقبل کا تعین ہونا ہے اس لئے آزمائے ہوئے لوگوں کو باربار نہ آزمایا جائے ۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ نے بھی فیصلہ کرنا ہے کہ پارٹی کو بچانا ہے یا آنکھیں بند رکھنی ہیں۔ آصف علی زرداری نے پارٹی کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں پہنچا دیا ہے ۔کارکنوں نے اب باہر نکل کر ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے اور سوچ کو بچانے کی جنگ لڑنی ہے ۔اب مطالبہ کیا جائے کہ آصف علی زرداری پارٹی کو مزید امتحان میں نہ ڈالیں ۔ کارکن اب فیصلہ کر لیں یا تو پیپلز پارٹی سے آصف علی زرداری کی جان چھڑائیں یا پیپلز پارٹی (ورکرز )کے پلیٹ فارم پر آکر ہمارے ساتھ مل کر جدوجہد کریں ۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy