قومی اسمبلی کے حلقہ این اے120سے آزاد امیدوار چوہدری پرویز اختر گجرامیدوار محمد یعقوب شیخ کے حق میں دستبردار

Published on September 11, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 483)      No Comments

لاہور( یواین پی)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے120سے آزاد امیدوار چوہدری پرویز اختر گجرامیدوار محمد یعقوب شیخ کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں اورانہوں نے اعلان کیاہے کہ ان کے سپورٹرز سترہ ستمبر کو انرجی سیور کوووٹ دیں۔یہ بات انہوں نے محمد یعقوب شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر حافظ خالد ولید،راناعبدالحفیظ ایڈوکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔حلقہ این اے 120سے آزاد امیدوار چوہدری پرویز اختر گجر نے کہا کہ میں این اے120میں الیکشن ایک نصب العین کے تحت لڑنے آیا تھا مجھے اسی حلقے میں یعقوب شیخ اور انکی ٹیم میں وہی نصب العین ملا جو پاکستان کی بقا ،نظریہ پاکستان کی حفاظت کی جنگ لڑ رہے ہیں اس لئے میں نے دوستوں سے مشاورت کی کہ ہم سے بہتر انداز میں یعقوب شیخ کی ٹیم کام کر رہی ہے ہمیں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا چاہئے۔دوستوں نے دانشمندی سے فیصلہ کیا اور میں این اے120سے دستبردار ہو کر ان کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں نے اپنے سپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ سترہ ستمبر کو انرجی سیور پر مہر لگائیں۔چوہدری پرویز اختر گجر نے پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پیپلز پارٹی نارووال کا جنرل سیکرٹری ہوں میں نے پارٹی کے ٹکٹ کے لئے اپلائی کیا تھا لیکن مجھے ٹکٹ نہیں ملا۔پیپلز پارٹی نے ہوشیاری کی اور الیکشن کمیشن کی نااہلی بھی سامنے آ گئی ہے۔پیپلز پارٹی کارکنوں کے ساتھ مذاق کر رہی ہے۔میں دلبرداشتہ ہو کر پیپلز پارٹی کے ساتھ بیس سالہ رفاقت ختم کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلمنٹرین کے نام سے دو جماعتیں رجسٹرڈ ہیں ۔پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کو جو ٹکٹ جاری ہوا اس میں دونوں پارٹیوں کے سیکرٹری جنرل کے دستخط ہیں جو آئینی،قانونی اور الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق غلط ہے۔امیدوار کو دو پارٹیوں کا نہیں بلکہ ایک پارٹی کا ٹکٹ ملتا ہے۔میں یہ کیس الیکشن کمیشن میں لے کر جا رہا ہوں اور سترہ ستمبر سے پہلے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کو نااہل کرواؤں گا۔این اے120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ چوہدری پرویز اختر گجر معروف سیاستدان ،مزدوروں کی پہچان،ان کی آواز اور متحرک ترین ورکر ہیں۔این اے120سے انہوں نے میری حمایت کا اعلان کیا اور میرے اوپر اعتماد کیا۔دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں این اے120کی انتخابی سیاست کے لئے اترا اور متعدد سیاسی جماعتوں،تنظیموں،انجمنوں،ووٹران کی تائید اورسپورٹ حاصل ہے۔ہم سیاست میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کریں گے۔پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔مزدوروں کو حقوق دلوائیں گے۔خواتین کو انکا مقام دیں گے اور پاکستان کو باوقاربنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ برادریاں میری حمایت کا اعلان کر رہی ہے۔ہر یوسی میں وارڈ کی سطح پر استقبا ل ہو رہا ہے۔لوگ چہرے ہی نہیں احوال بھی بدلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ووٹر اور سپورٹر کو دھمکایا دیا جا رہا ہے،انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ہمارے بینرز،فلیکس،پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں ۔لوگوں کے پاس اپنی ٹیمیں بھیج کر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔میں پنجاب پولیس ،آئی جی پولیس سے کہتا ہوں کہ پولیس ملک کا قابل احترام ادار ہے۔یہ الیکشن جمہوری عمل ہے۔اس میں حصہ لینے کا ہر پاکستانی کو حق حاصل ہے ۔،لیکن پولیس اپنے وقار،عزت کو بحال رکھے اور کسی کے اشارے پر نہیں بلکہ اپنی پالیسی کے مطابق چلے،چادر و چار دیواری کا تحفظ کرے۔انہوں نے کہا کہ این اے120میں گلو بٹوں کو بھیجا جا رہا ہے اور خوف و ہراس پیدا کیا جا رہا ہے۔ہم اعلان کرتے ہیں کہ خوف کا دور ختم ہو چکا اب امن کی سیاست کاوقت ہے۔انہوں نے کہا کہ این اے120میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ابلتے ہو ئے گٹر،گندی نالیاں،گندگی کے ڈھیر ہیں۔پینے کا صاف پانی نہیں۔میڈیا یوسی اکہتر،پچاس میں جا کر دیکھے ۔انہوں نے کہا کہ اب پیسے کا بٹوارہ ہو رہا ہے لیکن لوگ حقیقت سے آشنا ہو چکے ہیں۔الیکشن کمیشن سے گزارش تھی کہ پوری دنیا کی نظریں اس حلقے پر ہیں کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے جس سے وطن عزیز کا وقار مجروح ہو،منصفانہ او رشفاف الیکشن کے لئے اداروں سے تعاون لینا چاہئے۔الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ ہم فوج اور رینجرز کو بلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کی اقدار،روایات بدلنے آئے ہیں،صداقت،امانت،دیانت کی شرافت کریں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes