لاہور(یوا ین پی) قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے آزادی کپ کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ورلڈ الیون نے پاکستانی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ ورلڈ الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انیس اعشاریہ پانچ اوورز میں 175 کا مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔ میچ کی آخری دو گیندوں پر 6 رنز کی ضرورت تھی جسے تھریسا پریرا نے چھکا مار کر حاصل کر لیا۔ اس میچ کے مرد میدان ہاشم آملہ تھے جنہوں نے صرف 55 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 72 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ الیون کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ورلڈ الیون کی جانب سے ہاشم آملہ اور تمیم اقبال نے اوپننگ کی اور سکور کو آگے بڑھایا، تاہم ٹیم کا سکور ابھی 47 تک ہی پہنچا تھا کہ تمیم اقبال کیچ آؤٹ ہو گئے۔ تمیم اقبال نے صرف 23 رنز بنائے۔ سہیل خان کی گیند پر شعیب ملک نے ان کا کیچ لیا۔ ورلڈ الیون کی دوسری وکٹ 71 پر گری جب ٹم پین صرف 10 رنز بنا کر چلتے بنے۔ عماد وسیم نے انھیں بولڈ کر کے واپسی کا راستہ دکھایا۔ ورلڈ الیون کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان فاف ڈوپلیسی تھے جو صرف 20 رنز ہی بنا سکے۔ محمد نواز کی گیند پر شاداب خان نے ان کا کیچ لیا۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ورلڈ الیون کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی اوپنرز فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا، تاہم گزشتہ روز کی طرح آج بھی فخر زمان زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور ایل بی ڈبلیو ہو کر واپس لوٹ گئے۔ فخر زمان نے صرف 21 رنز بنائے اور ان کی وکٹ سیمیوئل بدری کے حصے میں آئی۔ اس کے بعد احمد شہزاد اور بابر اعظم کی جوڑی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے جنہوں نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 135 رنز پر گری جب بابر اعظم 45 رنز بنا کر سیموئل بدری کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو چوتھا نقصان 156 رنز پر اٹھانا پڑا جب عماد وسیم ایک غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ تھریسا پریرا کی گیند پر عمران طاہر نے ان کا کیچ لیا۔ عماد وسیم صرف 15 رن بنا سکے۔اس کے فوری بعد کپتان سرفراز احمد بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ میچ کے آخری اوورز میں شعیب ملک نے انتہائی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا، تاہم وہ اننگز کی آخری گیند پر اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شعیب ملک نے 3 چھکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 39 رنز بنائے۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ امید ہے آج بھی اچھا میچ ہو گا۔ ورلڈ الیون مضبوط ٹیم ہے جسے آج بھی ٹف ٹائم دیں گے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔ تاہم پاکستان کو کم سکور پر آؤٹ کرنے اور سیریز میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔