کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس، پاکستان پہلا ٹی ٹونٹی میچ جیت گیا

Published on October 27, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 527)      No Comments


ابوظہبی(یواین پی)متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکن ٹیم کو شکست دیدی ہے۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 103 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان 6، بابر اعظم صرف ایک جبکہ احمد شہزاد 22 رنز بنا سکے۔ قومی ٹیم کے سینئر بلے باز شعیب ملک نے 42 اور محمد حفیظ نے 25 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل سری لنکا نے اننگز شروع کی تو اس کا کوئی بھی بلے باز پاکستانی باؤلرز کی گیندوں کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم اٹھارہ اعشاریہ تین اوورز میں آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے صرف 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر گیند بازوں میں عثمان خان اور محمد حفیظ دو، دو جبکہ عماد وسیم، شاداب خان اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مناویرا اور دھنوشکا میدان میں اترے لیکن اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کر سکے۔ مناویرا بغیر کوئی رن بنائے واپس لوٹے۔ ان کی وکٹ عماد وسیم کے حصے میں آئی۔ اس کے بعد اوپنر دھنشکا بھی زیادہ دیر تک میدان میں نہ ٹھہر سکے اور کیچ آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔ دھنوشکا نے 18 رنز بنائے۔ یہ وکٹ عثمان خان کے حصے میں آئی۔تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمارا وکرما تھے جنہوں نے 23 رنز بنائے۔ سری لنکا کی چوتھی وکٹ 58 رنز پر گری جب آشن پریانجن صرف 12 رنز بنا کر چلتے بنے۔ مہیلا اداواتے بھی شائقین کرکٹ کی اُمیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی بنے۔ انہوں نے صرف 8 رنز بنائے۔ چھٹے کھلاڑی ڈاسن شناکا صفر جبکہ ساتویں کھلاڑی سچتھ پتھیرانا صرف 4 رنز ہی بنا سکے۔آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھریسا پریرا تھے جو صرف 6 رنز ہی بنا سکے۔ سری لنکا کی نویں وکٹ 87 رنز پر گری اور آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسورو ادھانا تھے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ویکم سنجایا تھے جو صرف 4 رنز بنا سکے۔خیال رہے کہ پاکستان کو ون ڈے سیریز میں تاریخی کامیابی کے بعد مہمان ٹیم سری لنکا پر نفسیاتی برتری حاصل ہے۔ ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ٹاس کی اتنی اہمیت نہیں ہوتی۔ اُمید ہے کہ ہمارے باؤلرز سری لنکا کی اننگز میں اچھا پرفارم کریں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes