دوسرا ٹی ٹونٹی: سینئر بلے باز ناکام، شاداب خان نے میچ جتوا دیا

Published on October 28, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 297)      No Comments


ابوظہبی (یو این پی) شیخ زاید سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے بعد سری لنکا کو شکست دیدی ہے۔ اس میچ میں باؤلرز کی کارکردگی بہترین رہی لیکن ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی سینئر بلے باز نہ چل سکا، اور 125 رنز کا آسان ہدف پہاڑ جیسا بنا دیا۔ تاہم اس موقع پر نوجوان کھلاڑٰی شاداب خان میدان میں اترے اور آخری گیندوں پر چھکا اور رنز بنا کر کھیل کا پانسہ ہی پلٹ دیا شاداب خان نے 16 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے فتح اپنے نام کی۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور احمد شہزاد نے کیا لیکن اس مرتبہ بھی فخر زمان شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور چوتھے اوور میں رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد بابر اعظم آئے لیکن صرف ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ شعیب ملک اور احمد شہزاد نے سکور کو 50 رنز پر پہنچایا۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے کو 27 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شعیب ملک 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم 2 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ 14 رنز بنا سکے۔ کپتان سرفراز احمد نے کچھ ہمت دکھائی لیکن ان کی اننگز بھی ٹیم کیلئے کسی کام نہ آ سکی۔ سرفراز احمد 28 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی جانب سے دھنوشکا اور دلشان میدان میں اترے اور ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ سری لنکا کو پہلا نقصان 43 رنز پر اٹھانا پڑا جب دلشان مناویرا رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ مناویرا 19 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اس کے بعد سری لنکن بلے بازوں نے ذمہ داری سے کھیل پیش کیا اور وکٹیں نہ گرنے دیں۔ لنکن بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 50 رنز بنائے اور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ٹیم کے سکور کو 100 سے زائد رنز تک پہنچایا۔ تاہم اس کے بعد سری لنکا کی لگاتار وکٹیں گر گئیں، جس سے پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر میچ میں واپس آ گئی۔ نوجوان باؤلر فہیم اشرف نے ہیٹ ٹرک کر کے تماشائیوں اور اپنے سینئر کھلاڑیوں سے خوب داد سمیٹی۔سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں دھنوشکا 51، سماراوکرما 32، پرسانا 1، پریرا 3، دشون شنکانا 6، مہیلا اوداویتے صفر، سچیت پتھیرانا ایک رن بنا سکے۔ یوں سری لنکن کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔خیال رہے کہ پاکستان کو تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سیریز کا آخری میچ لاہور میں 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy