راﺅ انوار کی فوجی ہوائی اڈے سے فرار کی کوشش بھی ناکام

Published on January 27, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 221)      No Comments

کراچی(یو این پی) میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد ضلع ملیر کے سابق ایس ایس پی راﺅ انوار کو فوجی ہوائی اڈے سے دبئی فرار کرانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے، جی ایچ کیو میں موجود اعلیٰ حکام نے نجی طیارے کو فوجی ایئربیس سے اڑنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، قبل ازیں راﺅ انوار کی بیرون ملک فرا رہونے کی ایک کوشش اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایف آئی اے نے ناکام بنا دی تھی۔ اخباری ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ سے فرار کی کوشش ناکام ہونے پر راﺅ انوار نے ملک کی بڑی کاروباری شخصیت سے رابطہ کیا جنہوں نے اپنے متعلقہ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ نچلی سطح کے اپنے رابطے بروئے کار لائیں اور خصوصی طیارے کے لئے راولپنڈی کا ملٹری ائیربیس استعمال کرنے کی اجازت طلب کریں تاکہ راﺅ انوار کو خاموشی کے ساتھ فرار کرایا جا سکے جس کی تصاویر اور تفصیلات ای سی ایل میں نام ڈالے جانے کے بعد ملک بھر کے ائیرپورٹس کو فراہم کی جا چکی ہیں۔ اخبار کے مطابق متعلقہ افسران نے پہلے تو اس درخواست پر معذوری کا اظہار کر دیا اور موقف اپنایا کہ یہ معاملہ اوپر کی سطح کا ہے، سیکیورٹی اسباب پر ملٹری بیس سے پرائیویٹ طیاروں کو ٹیک آف یا لینڈ کرنے کی قطعی اجازت نہیں تاہم منت سماجت پر متعلقہ نچلی سطح کے افراد نے جی ایچ کیو تک درخواست پہنچائی کہ ناگزیر وجوہات پر اپنا طیارہ راولپنڈی کے ملٹری ائیربیس سے اڑانا چاہتے ہیں، لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ اس طیارے میں راﺅ انوار کو لے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اخباری ذرائع کے بقول درخواست کرنے والوں سے ملٹری کے اعلیٰ حکام نے یہ بھی دریافت کیا کہ جب نجی طیاروں کی پرواز کے لئے اسلام آباد ائیرپورٹ موجود ہے تو پھر ایسا کیا مسئلہ ہے کہ فوجی ہوائی اڈہ استعمال کرنے کی درخواست کی جا رہی ہے لیکن ان وجوہات کا جواب دینے سے درخواست کنندہ ناکام رہے جس پر فوج کے اعلیٰ حکام نے دو ٹوک طریقے سے یہ درخواست مسترد کر دی اور اپنے جواب میں واضح کیا کہ ملٹری بیس سے صرف آرمی کے طیارے پرواز یا لینڈ کر سکتے ہیں تاہم اگر کسی ائیرلائن یا پرائیویٹ کمپنی کے طیارے کو گرنے کا خطرہ ہو تو ایمرجنسی لینڈنگ کے لئے یہ بیس ضرور استعمال ہو سکتا ہے، بصورت دیگر اس کی گنجائش نہیں۔ اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اب راﺅ انوار کو راولپنڈی سے سڑک کے ذریعے لاہور پہنچانے کا پلان بنایا گیا ہے۔ راﺅ انوار کو دو تین مسافروں کی گنجائش والے (ہلکے طیارے) کے ذریعے والٹن روڈ لاہور پر واقع سول ایوی ایشن کے ٹریننگ سینٹر پہنچایا جائے گا اور وہاں موجود چھوٹے ائیربیس سے کراچی روانہ کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں کراچی سے راﺅ انوار کو طیارے میں دبئی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں سول ایوی ایشن کے ٹریننگ سنٹر میں واقع چھوٹے ہوائی اڈے پر چونکہ اٹھارہ سیٹر یا اس سے بڑے طیارے کو اڑانے کی سہولت موجود نہیں جبکہ لائٹ ائیرکرافٹ لاہور سے براہ راست دبئی پرواز کی طاقت نہیں رکھتا، اس لئے راﺅ انوار کو چھوٹے طیارے میں پہلے کراچی اور پھر یہاں سے دبئی فرار کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق اگر کوئی رکاوٹ درمیان میں نہ ہوئی تو راﺅ انوار کے بیرون ملک فرار کرانے کا منصوبہ کامیاب ہو جائے گا۔ اخباری ذرائع کے بقول راﺅ انوار کی سرپرستی کرنے والی اہم طاقتور سیاسی شخصیت کے بارے میں بھی اطلاع ہے کہ وہ پہلے ہی دبئی پہنچ چکی ہے اور پلان کامیاب ہونے کی صورت میں وہاں راﺅ انوار کو ریسیو کرے گی۔ اخبار نے بتایا کہ قبل ازیں کراچی سے اسلام آباد بھی راﺅ انوار کو نجی طیارے کے ذریعے ہی پہنچایا گیا تھا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题