نواز شریف مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور شہباز قائم مقام صدر بن گئے

Published on February 27, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 217)      No Comments

لاہور(یو این پی ) ملک کی حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو جماعت کا تاحیات قائد اور پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب کر لیا ہے۔منگل کو حکمران جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوا۔جس کی صدارت پارٹی چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کی۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بطور مبصر (آبزرور)شرکت کی جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مریم نواز ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق،وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار راجہ فاروق حیدر، سردار مہتاب عباسی ،امیر مقام ،مشاہد اللہ خان ، طارق فضل چودھری، طلال چودھری، منشااللہ بٹ، مصدق ملک،زبیر گل سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی تاہم چوہدری نثار اجلاس میں شریک نہیں ہوئے وہ اس دوران اسلام آباد میں موجود رہے۔مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارٹی کی قائم مقام صدارت کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نام دیا جس پر خواجہ سعد رفیق،احسن اقبال اور زاہد حامد نے تائید کی جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔بعد ازاں شہباز شریف،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور راجہ ظفر الحق نے نواز شریف کو پارٹی کا تا حیات قائد بنانے کی قرار داد پیش کی جسے مرکزی مجلس عاملہ نے منظوری دے دی اور تمام ارکان مجلس عاملہ نے اس کی متفقہ تائید کی۔شہباز شریف کو 6مارچ کو پارٹی کا مستقل صدر بنایا جائے گا۔یو این پی کے مطابق مریم نواز شریف نے ٹوئٹر پر نواز شریف کے تاحیات قائد بنائے جانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین راجہ ظفرالحق، شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس سلسلے میں قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔شہباز شریف کا نام دوروز قبل نواز شریف نے تجویز کیا تھا۔اجلاس کے بعد مسلم لیگ(ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے ان فیصلوں کا اعلان کیا۔شہبازشریف نے بلا مقابلہ پارٹی کا قائم مقام صدر منتخب ہونے پر کھڑے ہوکر سب کا شکریہ ادا کیا جب کہ شریف برادران نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دی،اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو ملک کی مقبول ترین جماعت بنانے میں نواز شریف نے لا زوال کردار ادا کیا ہے ہم کی محنت کا رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ شہباز شریف نے کہا کہ صدارت کا منصب سنبھالتے ہوئے جذبات پر قابو رکھنا آسان نہیں، اس منصب کے لیے انتخاب اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اور تم کی تقسیم سے نکل کرخلوص سے پاکستان کے لیے کام کرنا ہے، ہمیں اقوام عالم سے رابطوں کو بہتر بنانا ہے، پاکستان سیاسی زندگی کے سنگین لمحات سے گزر رہا ہے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہمیں انصاف اور عدل کی بالادستی کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کرنی ہے، سیاسی عمل کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق سی ای سی اجلاس سے قبل نوازشریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ماڈل ٹان لاہور میں ملاقات کی جس میں شہبازشریف بھی موجود تھے جب کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال، پارٹی معاملات اور سینٹ الیکش پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔خیال رہے کہ پاکستان کے الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کو پارٹی کا نیا صدر منتخب کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔گذشتہ منگل کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ سنہ 2002 کے تحت کوئی بھی نااہل شخص پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارٹی آئین کے تحت بھی صدارت کا عہدہ ایک ہفتے سے زیادہ عرصے تک خالی نہیں رہ سکتا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے سربراہ کی نااہلی کے بعد اس کے چیئرمین کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے جاری کیے گئے ٹکٹس کو مسترد کر دیا گیا تھا۔تاہم الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ نون کے ارکان کو سینیٹ کے جاری کردہ نئے ٹکٹس کو مسترد کرتے ہوئے انھیں آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی۔سینیٹ کے انتخابات کے شیڈول کے مطابق چونکہ مزید کسی سیاسی جماعت کی جانب سے نئے ٹکٹس جاری نہیں کیے جا سکتے تھے اس لیے الیکشن کمیشن کے انکار کے بعد مسلم لیگ ن بطور جماعت سینیٹ کے انتخابات سے باہر ہو گئی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy