یوم پاکستان آج (جمعہ کو) منایا جائے گا،ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی

Published on March 23, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 265)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی) یوم پاکستان آج (جمعہ کو) منایا جائے گا قوم جمعہ کے روز یوم پاکستان اس پختہ عزم کے ساتھ منارہی ہے کہ ملک کی ترقی و استحکام کیلئے انتھک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ یہ دن 1940 کو آج ہی کے دن قرار داد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے ایک الگ مادر وطن کی منزل کے حصول کو عملی جامہ پہنانے کیلئے لائحہ عمل فراہم کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی خوشحالی اور یکجہتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ، جمعہ کے روز عام تعطیل ہوگی، اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔اس دن کی اہم تقریب پریڈ ایونیو اسلام آباد میں شاندار فوجی پریڈ ہے جہاں مسلح افواج کے دستے مار چ کریں گے اور لڑاکا طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے۔ مختلف علاقوں کی ثقافت پر مبنی فلوٹس کی نمائش کی جائے گی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین مہمان خصوصی جبکہ سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سنہا اعزازی مہمان ہونگے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی تقریب میں موجود ہونگے۔ شام کو ایوان صدر میں تقسیم اعزازت کی تقریب منعقد ہوگی جہاں صدر ممنون حسین مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازت اور تمغے دیں گے۔ اس سال مجموعی طور پر ایک سو اکتالیس پاکستانیوں اورغیرملکی شخصیات کو سول اعزازات دئیے جائیں گے، کیوبا کے سابق صدر ڈاکٹر فیڈرل کا سترو کو بعد از مرگ نشان پاکستان سے نوازا جائے گا جبکہ انسانی حقوق کی علمبرد ار مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو پاکستانی شہریوں کیلئے بیلوث خدمات کے اعتراف میں بعد از مرگ نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔خیبرپختونخوا میں یوم پاکستان کے سلسلے میں مرکز ی تقریب گورنر ہاوس پشاور میں ہوگی۔ گورنر اقبال ظفر جھگڑا مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات کو اعزازات دیں گے۔ ضلع سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں تین روزہ پاکستان زندہ آباد فیسٹیول بھی کل شروع ہوگا۔ فیسٹیول میں پیرا گلائیڈنگ، سیکنگ، تیر اندازی ، دوڑ اور مصوری کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes