زرداری صاحب کل میری تو آج کس کی زبان بول رہے ہیں،نواز شریف

Published on May 1, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 158)      No Comments

اسلا م آباد (یواین پی)سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ زرداری صاحب کل میری تو آج کس کی زبان بول رہے ہیں،قوم کو آج یہ بھی بتادیں کہ وہ کس کی کٹھ پتلی ہیں۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کے بیان کا رد عمل دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آصف زرداری کا تازہ بیان قومی جماعت کی قیادت کرنیوالے فرد کے شایان شان نہیں۔میں آج ایک بڑے اصولی اور نظریاتی مشن کی جدوجہد میں مصروف ہوں۔میری جدوجہد کامقصد پاکستان کی عوام کے حق حکمرانی کی بحالی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سیاسی بیان بازی کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔زرداری اپناوزن عوام کی بجائے کسی اورکے پلڑ ے میں ڈالناچاہتے ہیں توشوق سے ڈالیں۔زرداری صاحب کیا اتنے بھولے اور معصوم تھے کہ میرے ورغلانے میں آگئے؟زرداری صاحب کیچڑاچھالنے اورتاریخ کو مسخ کرنے سے گریز کریں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ زرداری صاحب کے’اینٹ سے اینٹ بجانے‘والے بیان پراسی شام ناپسندیدگی کا پیغام بھیجاتھا۔اگلے دن زرداری صاحب سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی تھی۔اس وقت زرداری صاحب نے کیوں نہیں بتایا کہ انہیں یہ پٹی میں نے پڑھائی؟وعدہ خلافی کس نےکی؟دھوکہ کس نے دیا؟حکومت کا حصہ بننے کیلیے مشرف کے مواخذے،ججوں کی بحالی،سترہویں ترمیم کاخاتمہ شرائط رکھی تھیں۔
نواز شریف نے کہا کہ مشرف سے اختلاف کا مقصدیہ نہیں ہوناچاہیے کہ ادارے کی اینٹ سے اینٹ بجادی جائے۔آج تین سال بعد زرداری صاحب کو سچ بولنے کا خیال کہاں سے آگیا؟کس نے تحریری معاہدوں سے انحراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ” قرآن وحدیث“ نہیں۔زرداری صاحب کو یاد ہونا چاہیے کہ وہ ایک بڑے قومی سیاستدان کے ہمراہ رائیونڈ میرے پاس آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب نے یہ بتایا کہ وہ میرے اشاروں پرچل رہے تھے،زرداری صاحب قوم کو آج یہ بھی بتادیں کہ وہ کس کی کٹھ پتلی ہیں۔زرداری صاحب کل میری زبان بول رہے تھے تو آج کس کی زبان بول رہے ہیں۔بہتر ہوگا زرداری صاحب ذاتی الزام تراشیوں کا دفتر نہ کھولیں۔زرداری صاحب اپنی توجہ انتخابات پر مرکوز رکھیں،زرداری صاحب کو معلوم ہے کہ اس میں میرا یا وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہ تھا۔
نواز شریف نے کہا کہ زرداری صاحب کی جماعت دیہی سندھ تک سکڑ چکی ہے،زرداری صاحب نوشتہ دیوارپڑھنے کی کوشش کریں۔ زرداری صاحب نے اصرار کیا تھا کہ مشرف کے تمام اقدامات کی پارلیمانی توثیق کردی جائے۔مشرف کے اقدامات کی پارلیمانی توثیق سے میں نے انکار کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ زرداری صاحب جانتے ہیں سندھ میں ڈاکٹر عاصم یا دوسروں کیخلاف نیب کارروائیاں کس کے کہنے پرہوئیں؟۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes