پیمرا نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی غلط خبر نشر کرنے پر17نیوز چینلز کو جرمانہ کردیا

Published on May 5, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 696)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی نے 17نیوز چینلز کو سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی تقاریر پر پابندی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی غلط خبر نشر کرنے پر فی کس10لاکھ جرمانہ عائد کر دیا۔پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق غلط خبر نشر کرنے والے چینلز کو فی کس 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا جن میں جیو نیوز، رائل نیوز، 92نیوز، دنیا ٹی وی، چینل ۵، آج ٹی وی، دن نیوز، ایکسپریس نیوز، روز ٹی وی، سما ٹی وی، ڈان نیوز، اے آر وائی نیوز، وقت ٹی وی، بول نیوز، کے ٹی این نیوز اور کوہِ نورٹی وی شامل ہیں۔نجی چینل مشرق ٹی وی کو مذکورہ خبر کا غلط ٹکر چلانے پر 2 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پیمرا نے ان تمام 17 چینلز کو 19 اپریل 2018 کو اظہارِ وجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی شنوائی کے لیے 24 اپریل کو طلب کیا تھا اور ساتھ ہی ساتھ تحریری جوابات داخل کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام چینلز کو 6 مئی 2018 کو پرائم ٹائم کے دوران معذرت نشر کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔پیمرا نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ تمام چینلز اپنے تاخیری نظام کو موثر بنائیں اور ضابط اخلاق کی پیروی کے لیے ادارہ جاتی نگران کمیٹی تشکیل دیا جائے اور موثربنایا جائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy