جموں وکشمیر، خود کو گولی مار کربھارتی فوجی نے خودکشی کرلی

Published on July 17, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 329)      No Comments

جموں(یواین پی) جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں لائن آف کنٹرول کے اکھنور سیکٹر میں گذشتہ شام ایک فوجی اہلکار نے مبینہ طور پر اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کے اکھنور سیکٹر کے کھور علاقہ میں واقع ہمیرپور نوان ملٹری گریسن میں تعینات رائفل مین 28 سالہ رنبیر سنگھ نے مبینہ طور پر گذشتہ شام دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فوجی جس نے اپنی پیشانی پر گولی چلائی تھی، کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ مہلوک فوجی پڑوسی ریاست پنجاب کا رہنے والا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مذکورہ فوجی جوان نے خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا ’ہم نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے‘۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد مہلوک فوجی اہلکار کی لاش اس کے آبائی گھر روانہ کردی گئی ہے۔ اکھنور سیکٹر میں فوجی اہلکار کی خود کشی کا یہ واقعہ فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے دورہ اکھنور کے محض دو روز بعد پیش آیا ہے۔ فوجی سربراہ نے 14 جولائی کو اکھنور سیکٹر کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ فوجی عہدیداروں و اہلکاروں کے ساتھ بھی ملاقات کی تھی۔یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں سال 2009 سے لیکر اب تک قریب 1100 سیکورٹی فورس اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme