عید پر شہریوں کے تحفظ کے لیے آئی جی پنجاب کا پولیس کو بڑا حکم جاری

Published on August 20, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 182)      No Comments

لاہور(یواین پی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر صوبہ کی تمام حساس مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عید اجتماعات کو تھری لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے ، اے کیٹیگری کی مساجداور امام بارگاہوں کی چھتوں پر سنائپرز جبکہ عید اجتماعات کے اندر سادہ لباس میں کمانڈوز کو لازمی تعینات کیا جائے جبکہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، ڈی پی اوزاور سی پی اوز اپنے ریجنز اور اضلاع میں عید سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی یقینی بنائیں ۔ترجما ن پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ  نماز عید سے قبل تمام مساجد ، امام بارگاہوں اور دیگر عید اجتماعات کی مکمل چیکنگ اور کلیرینس کو ہرصورت یقینی بنایا جائے اور خواتین اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکاروں کو تعینات کرتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ تمام نمازی واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹر سے چیک ہوئے بغیر عید گاہ میں داخل نہ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کی کھالوں جمع کرنے کے حوالے سے حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے اور چڑیاگھروں ،پارکوں ، تفریح گاہوں اور دیگر پبلک مقامات کی سیکیورٹی کیلئے اضافی دستے تعینات کئے جائیں، اہم شاہراہوں پرڈولفن ، پیرو اور کیو آر ایف جبکہ ہائی ویز پر پٹرولنگ فورس کے گشت کے دورانئے میں اضافہ کیا جائے اورعید کی چھٹیوں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں، یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں عید الاضحی کے مجموعی سیکیورٹی پلان کاجائزہ لینے کے دوران سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes