دوسرا ٹی ٹوئنٹی معرکہ آج ہوگا ،نیوزی لینڈ کی نگاہیں حساب برابر کرنے پر مرکوز

Published on November 2, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 267)      No Comments

دبئی(یواین پی)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی معرکہ آج ہوگا ،کیوی کھلاڑیوں نے اپنی نگاہیں حساب برابر کرنے پر مرکوز کر لی ہیں اور کالن منرو کا کہنا ہے کہ سیریز کو ڈرا کرنے کیلئے آج بھرپور انداز سے کم بیک کرنے کے بعد تیسرے میچ کی جانب قدم بڑھائیں گے ،کنڈیشنز سے بخوبی واقف پاکستانی بالرزنے کھیل کو قابو میں کرلیا،پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ابوظہبی کی وکٹ قدرے مختلف تھی جہاں اسپنرز کو زیادہ مدد نہیں ملی لیکن دبئی میں ایسا نہیں ہوگا،حالیہ اچھی کارکردگی کی بدولت کھلاڑیوں کا مزید کامیابی کیلئے مورال بلند ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا جسے جیت کر پاکستانی ٹیم لگاتار گیارہویں سیریز پر قابض ہونے کا پلان بنا چکی ہے لیکن نیوزی لینڈ کے کیمپ میں بھی سیریز کو برابر کرنے کی پلاننگ ہو رہی ہے اور پہلے معرکے میں نصف سنچری بنانے والے کیوی بیٹسمین کالن منرو کا کہنا ہے کہ دو دن کی مدت میں ان کا نہیں خیال کہ کوئی بڑی تبدیلی رونما ہو سکتی ہے اور وہ بھرپور انداز سے کم بیک کرکے سیریز برابر کرنے کے بعد کامیابی کیلئے تیسرے میچ کی جانب قدم بڑھانے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ سچی بات تو یہ ہے کہ وہ ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے تھے اور اسی کے مطابق کھیلے لیکن امید کے مطابق وہ 70یا 80رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے جو کھیل کا ایک حصہ ہے ۔کالن منرو کے مطابق ان کے بعد کین ولیمسن بھی آؤٹ ہو گئے اور پاور پلے کے بعد اسپنرز نے آکر کھیل کو سنبھال لیا جس کیلئے انہیں کریڈٹ دینا ہوگا کیونکہ وہ ان کنڈیشنز کو بخوبی جانتے ہیں اور حالات بھی ان کیلئے سازگار تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ سات ماہ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر بھی پلیئرز نے برابر سے مقابلہ کیا لیکن وہ پاکستانی بالنگ کا سامنا کرتے ہوئے ایک قدم پیچھے رہ گئے البتہ آئندہ میچوں میں اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔پہلے میچ کے مرد میدان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ابوظہبی کی وکٹ قدرے مختلف تھی جہاں اسپنرز کو زیادہ مدد نہیں ملی لیکن دبئی میں ایسا نہیں ہوگا کیونکہ حالیہ اچھی کارکردگی کی بدولت کھلاڑیوں کا مزید کامیابیوں کیلئے مورال بلند ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ میں کیوی ٹیم کافی مضبوط اور ہر بار کچھ نیا کر کے سرپرائز کرتی ہے جس کا مظاہرہ اس نے عمدہ فیلڈنگ اور حیران کن کیچز کی بدولت کیا لیکن پاکستانی ٹیم کے ساتھ کامیابی کا تسلسل بڑا ایڈوانٹیج ہے جس کے سہارے وہ دوسرے میچ میں بھی کامیابی کیلئے پرامید ہیں لیکن انہیں اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ اس بار بھی میچ آسان نہیں ہوگا اور کھیل کے ہر پہلو پر نگاہ رکھنا پڑے گی۔ محمد حفیظ نے پہلے معرکے میں کامیابی کا کریڈٹ پاکستانی پیسرز کو دیتے ہوئے کہا کہ حسن علی نے پاکستانی ٹیم کو کم بیک کرایا جبکہ بعد میں شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور شاداب خان نے عمدہ کارکردگی سے جیت کی راہ ہموار کی۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160رنز تک رسائی کا پلان ناکام ہو گیا لہٰذا جب وہ آصف علی کے ساتھ بیٹنگ کر رہے تھے تو کوشش یہی تھی کہ اچھی شراکت قائم کی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ سینئر پلیئر کے طور وہ ساتھیوں کو ہدایات اور مشورے دیتے رہتے ہیں لیکن اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ انہیں جو بھی کرنا ہے پورے اعتماد کے ساتھ کریں اور انہوں نے آخری اوور میں شاہین آفریدی کو بھی یہی بات سمجھائی تھی۔آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ٹیم کو کامیابی دلانے کے سوال پر پروفیسر کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ میچوں میں بھی پاکستان کیلئے بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ موجودہ ٹیم دباؤ کا سامنا کرنا جانتی ہے اور وہ بھی دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ملنے والے مواقع کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

تازہ ترین
WordPress Themes