خیبر پختونخوا کابینہ نے ‘اپر چترال‘ ضلع کی منظوری دے دی

Published on November 9, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 431)      No Comments

چترال(یواین پی )خیبر پختونخوا کابینہ نے ’اپر چترال‘ کو ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کی منظوری دیدی ہے جبکہ سرکاری نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نیلامی، چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ اور فارسٹ آرڈیننس میں ترمیم کا بھی فیصلہ کیا گیا۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اجلاس میں موجودہ ضلع چترال کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ملکیتی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ صوبائی حکومت کے پاس نان کسٹم پیڈ گاڑیاں کتنی اور کیوں ہیں۔ کیوں کہ سابقہ پاٹا کے علاقہ جات کے علاوہ خیبر پختونخوا میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر پابندی ہے۔کابینہ اجلاس میں چائلڈپروٹیکشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی جس کے تحت گھریلو تشدد کے خاتمہ کے لیے بھی سزاؤں کا تعین کردیا گیا ہے جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے فارسٹ آرڈیننس میں ترمیم کی جائے گی۔صوبائی کابینہ نے دفتری اوقات کار 9 سے 5 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ چترال کے 2 اضلاع میں تقسیم ہونے کے بعد اپر چترال کے لیے نئے ڈپٹی کمشنر، نئے ڈی پی او اور دیگر انتظامی افسران اور ملازمین کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔
ضلع چترال کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری اور سوات میں نئے ضلع کے قیام کا اعلان سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں کیا گیا تھا تاہم اس پر عملدرآمد میں تاخیر ہوگئی جبکہ اپر سوات کا اعلان تاحال عملدرآمد کا منظر ہے۔نئے بنے والے ضلع اپر چترال میں مستوج، مورکہو اور تورکہو کی تحصیلیں شامل ہوں گی جبکہ لوئر چترال دروش، چترال اور لوٹ کہو کی تحصیلوں پر مشتمل ہوگا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes