حضور ﷺ کی محفل وہی سجاتے ہیں جن کو آپ ﷺ اجازت دیتے ہیں مولانا عبدالوحید قریشی

Published on November 16, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 763)      No Comments

حیدر آباد (علی رضا رانا)دلوں کو محبت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے منور کرنے کے لیے محفل میلاد جیسی تقریبات منعقد کرنا اور اس میں شریک ہونا یہ اللہ رب العزت کا کرم ہوتا ہے اور آتے ہیں وہی جن کو سرکار بلاتے ہیں یہ بات جماعتِ اسلامی کے رہنما مولانا عبدالوحید قریشی نے سوہنی دھرتی یوتھ کونسل حیدر آباد کے زیر اہتمام 12ویں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ محفل میں پاکستان کے معروف ثناء خواں محمد ذوہیب اشرفی، غلام مرتضیٰ صدیقی،غلام ربانی نے ہدیہ عقیدت پیش کیا اور معروف نقیبِ محفل محمد رفیق شیخ نے نقابت سے دل کو منور کیا۔ عبدالوحید قریشی نے مزید کہا کہ اللہ اور اسکے فرشتے آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کاذکر کرتے ہیں یہ ہم پر کرم ہے کہ آج ہم اس محفل میں بیٹھ کر اللہ رب العزت کی سنت ادا کر رہے ہیں اس موقع پر پیر سعید کبیر شاہ نے کہا کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا میلاد تاقیامت مناتے رہیں گے کیونکہ ہم ان کے غلاموں کے بھی غلام ہیں۔ یہ اللہ کاہم پر کرم ہے کہ دنیا کا وجود ہی حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی وجہ سے ہوا ہے ۔ سنی تحریک کے صوبائی رہنما عمران سہروردی نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا میلاد مناکر ہم اپنی آخرت سنوارتے ہیں اور ہم اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی قبول نہیں کرسکتے۔ لہٰذا ہم دنیا پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دنیا میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے علاوہ کوئی افضل نہیں ہے ۔ سابق ممبر صوبائی اسمبلی بلاول حسین قریشی نے کہا کہ سوہنی دھرتی یوتھ کونسل کے دوسرے کاموں کے علاوہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی شان میں میلاد بھی سجاتے ہیں ۔ یہ بہت بڑی سعادت کی بات ہے اور ہماری آج اس میں شرکت یہ اللہ کا کرم ہے ۔ کنٹرولر امتحانات حیدر آباد بورڈ ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے کہا کہ اللہ کا یہ ہم پر بڑا کرم ہے کہ اس نے ہمیں اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی امت میں پیدا کیا جو سب سے اعلیٰ امت ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے زونل انچارج محمد ظفر صدیقی نے کہا کہ اللہ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو دنیا میں رحمۃ اللعالمین بناکر بھیجا اور ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی پیروی کرتے ہوئے معاشرے میں امن و بھائی چارہ پیدا کریں ۔ تحریک لبیک کے رہنما صلاح البین غوری نے کہا کہ ہم مسلمان ہیں اور نبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی شان میں کسی بھی قسم کا پروپیگنڈہ یا گستاخی برداشت کرنے کا تصور نہیں کرسکتے اور ہم سرکار صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا میلاد مناتے رہیں گے۔ صرافہ بازار کے چیئرمین فرید راجپوت نے کہا کہ سرکار صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی محفل سجانا ہمارے بس کی بات نہیں یہ اللہ کا کرم ہے کہ وہ ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کیونکہ اس کے ہم اس کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی امت میں سے ہیں ۔ سماجی شخصیت محمد نعیم شیخ نے کہا کہ ایسی روح پرور محفلیں ہمارے ایمان کو تازہ کرتی ہیں اور ان میں ہمارے شرکت اللہ تعالیٰ کا کرم ہے۔ سماجی شخصیت محمد اعظم چوہان نے کہا کہ ہم تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے غلاموں کے غلام ہیں اور ایسی محفلوں میں بلایا جانا ہمارے لیے انتہائی کرم کی بات ہے۔ سوہنی دھرتی یوتھ کونسل کے چیئرمین مختیار احمد خان نے کہا کہ یہ کونسل کی بارہویں محفل ہے اور یہ سب اللہ کا کرم ہے اور نبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا صدقہ ہے کہ ہمیں ایسی محفلوں کے لیے منتخب کرتا ہے۔ سرپرست سوہنی دھرتی یوتھ کونسل محمد رفیق راجپوت نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی شان میں ایسی محفل میں آپ لوگوں کا آنا آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے محبت کا اظہار ہے ۔ محفل میں صاحبزادہ شبیر احمد انصاری، جمیل بھاشانی، خالد حسن، مظہر کمال ، جنید ڈاھری، ڈاکٹر ناصر خان، حشمت ضمیر، راشد گدی، محمد اسماعیل، فرحان قادری، قاری نوید نقشبندی، شبیر احمد تابش ، خالد عمران، فرخ نیازی، فرخ قریشی ، اختر بھٹی، سید اکرم علی شاہ ، سجاد خان، نعیم نورانی ، ڈاکٹر عابد اور شہر کے بہت کثیر تعداد میں سماجی ، سیاسی، تجارتی ومذہبی شخصیات اور علاقے کے معززین نے بھی شرکت کی۔ محفل کے بعد لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ 

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy