جشن عیدمیلادالنبیﷺملک بھرمیںآج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

Published on November 21, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 706)      No Comments

ہرسودرودوسلام کی صدائیں‘شہربقعہ نور کامنظر پیش کرنے لگے
ملک بھرمیں حسب سابق عام تعطیل‘ بعدنماز فجر مرکزی عیدگاہ میں تقریب پرچم کشائی و سلامی منعقدہوگی
پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، تمام صوبوں ، مظفرآبادمیں توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی
چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں میلاد النبیؐ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی
مساجد و گھروں میں درود و سلام کی خصوصی محافل کا اہتمام بھی کیا جائے گا
ایوان صدر، ایوان وزیراعظم،سیکرٹریٹ سمیت تمام سرکاری عمارات پر چراغاں اورقومی پرچم
جھنڈیاں اور سبزگنبدوالے پرچم لہرا رہے ہیں،پورا ملک برقی قمقموں سے جگمگارہاہے
ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کیلئے دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح
اوراپنی سوچ اور روّیوں میں مثبت تبدیلی لانا ہو گی،صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا پیغام
اسلام آباد/ لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ/مظفرآباد(یواین پی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں عید میلادالنبی ﷺ’’آج‘‘ سرکاری سطح پر12 ربیع الاول کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے ،پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت، تمام صوبوں ، مظفرآبادمیں توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی، ملک کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں میلاد النبیؐ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، مساجد و گھروں میں درود و سلام کی خصوصی محافل کا اہتمام بھی کیا جائے گا، ایوان صدر، ایوان وزیراعظم،سیکرٹریٹ سمیت تمام سرکاری عمارات پر چراغاں اورقومی پرچم،جھنڈیاں اور سبزگنبدوالے پرچم لہرا رہے ہیں ،پورا ملک برقی قمقموں سے جگمگارہاہے۔تفصیلات کے مطابق ولادت نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ؐ آج(بدھ کو) ملک بھر میں مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منائی جارہی ہے ،وفاقی، صوبائی اور ڈویژنل سطح پر سیرت کانفرسز کا انعقاد بھی ہو گا، جن میں علمائے کرام نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد ہونگی۔ جبکہ بازاروں، گلیوں، محلوں اور گھروں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے، عمارتوں پر چراغاں کر دیا گیا ہے، بازاروں میں مسجد نبوی، خانہ کعبہ کے ماڈل رکھے جائیں گے، کیلی گرافی کے نمونے بھی گلیوں میں آویزاں کئے جائیں گے، جبکہ یکم ربیع الاول سے ہی نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے جو آج بھی جاری رہے گا۔ صوبائی دارالحکومت میں مختلف علاقوں سے عید میلاد البنیؐ کے جلوس نکالے جائیں گے اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جائیگا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سیرت النبی کانفرنس سے آج خطاب اور کانفرنس کے دوسرے دن اختتامی نشست کی صدارت کریں گے۔ کمیٹی مختلف اسلامی تحریروں اور تحقیقی کام میں کامیاب افراد کا تعین کرے گی اور صدر ڈاکٹر عارف علوی ان میں انعامات تقسیم کریں گے، اس کے علاوہ دنیا بھر سے ممتاز علما اور مشائخ سیاسی رہنما مختلف یونیورسٹیوں کے عملے کے ارکان، سکالرز اور ارکان پارلیمنٹ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ ادھر لاہور، کراچی ، کوئٹہ ، ملتان ، جھنگ ،پشاور سمیت ملک تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں ریلیاں جلوس، محافل نعت اور حضوراکرمؐ کی سیرت پر روشنی ڈالنے کیلئے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں ۔عیدمیلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سرور کائنات ، ہادی برحق حضرت محمد ﷺ کی آمدکے اس سعید دن پر میں ملتِ اسلامیہ کو بالعموم اور اہل وطن کو بالخصوص مبارک باد دیتا ہوں اور بارگاہِ ایزدی میں دعا گو ہوں کہ یہ ماہِ بابرکت ہم سب کے لیے باعثِ رحمت و بخشش ثابت ہو، آمین۔ اللہ تعالیٰ نے آنحضرت محمد ﷺ کو پوری انسانیت کے لیے آخری کامل رہنما او رمعلم بناکر بھیجا۔ سرکار دوعالم کی آمد اور ان کی تعلیمات سے انسانی زندگی کے ہر گوشے میں ایک عظیم انقلاب برپا ہوگیا ۔ جناب رحمت اللعالمین کی آمد کی بدولت الٰہیات و عقائد، عبادات و معاملات ، انفرادی، گھریلو اور اجتماعی زندگی، اخلاقیات ، معاشیات اور سیاسیات سمیت زندگی کے ہرشعبے میں کامیاب اور خوشگوار تبدیلی رونما ہوئی۔ سرکارِ دوعالم حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ مقدسہ ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے، جو امانت و دیانت، سادگی، منصف مزاجی، رحمت و عفو و درگزر، تحمل و بْردباری، ایثار و قربانی، سچائی، افرادسے عمدہ سلوک، سخاوت، شجاعت، انکسار و تواضع، عہد کی پابندی، باہمی معاملات میں عمدگی ،یتامیٰ ، بیوگان، ناداروں اورمحتاجوں کی امداد او ران سے ہمدردی کی مثالوں سے بھری پڑی ہے اور روزمرہ کے معاملات میں ہماری مکمل رہنمائی کرتی ہے۔ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں، اپنی سوچ اور روّیوں میں مثبت تبدیلی لائیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم تعلیمات نبوی ﷺ پر اس کی روح کے مطابق عمل پیرا ہوں تاکہ وطن عزیز میں ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے کیونکہ آج بھی فلاحِ انسانیت کا دارومدارسرکاردوعالم ﷺ کی تعلیمات و اُسوۂ حسنہ پر عمل کرنے میں ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں محسن انسانیت نبی اکرم ﷺ کے اُسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرے اور وطن عزیز پاکستان کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔دوسری جانب پاکستان کی طرح آزادکشمیرمیں بھی جشن عید میلادالنبیﷺ کو سرکاری طورپرشایان شان اندازسے منانے کا فیصلہ کیا گیاہے ‘حکومت آزادکشمیر کی طرف سے مرکزی سیرت کمیٹی کے اشتراک سے جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے حوالہ سے ماہ ربیع الاول کے دوران پورا ماہ مختلف تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری محکموں میں درودوسلام کی محافل ،محافل میلادالنبیﷺ کا انعقاد ‘ سرکاری، نیم سرکاری ونجی عمارات پر چراغاں سمیت دیگر تقریبات کاانعقادکیاجارہاہے۔دارالحکومت میں ایوان صدر، ایوان وزیراعظم،سیکرٹریٹ ہاء سمیت تمام سرکاری عمارات پر چراغاں اورقومی پرچم،جھنڈیاں اور سبزگنبدوالے پرچم لہرائے گئے ہیں اورپورا شہر بقعہ نورکامنظر پیش کررہاہے۔ ہر طرف سے درودوسلام کی صدائین بلند ہو رہی ہیں۔12ربیع الاول عیدمیلادالنبیﷺ کے باسعادت موقع پرپورے آزادکشمیر میں اظہارتشکر اور تذکیرو تجدید ایمان کی خاطرحسب سابق عام تعطیل ہوگی، دن کاآغاز مساجد میں تلاوت قرآن کریم، صلوٰۃ و سلام اوردعاؤں سے ہوگا‘ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں حسب سابق بعدنماز فجر مرکزی عیدگاہ میں تقریب پرچم کشائی و سلامی منعقدہوگی ‘جہاں محکمہ شہری دفاع کا دستہ اور مرکزی سیرت کمیٹی سکیورٹی سکواڈ کا دستہ سلامی پیش کرے گا۔پرچم کشائی وسلامی فوری بعدپاک فوج کی جانب سے پاکستان کے تمام صوبوں کی طرح دارالحکومت مظفرآبادمیں21 جبکہ وفاقی دارالحکومت میں31توپوں کی سلامی پیش کیا جائے گی۔12ربیع الاول صبح 9:00بجے قدیمی جامع مسجد سلطانی میں حسب سابق جشن عیدمیلادالنبیﷺ کی افتتاحی نشست/جلسہ میلادالنبیﷺ منعقدہوگا، اس جلسہ ءِ میلادالنبیﷺ میں علماء کرام کے علاوہ وزراء حکومت ایم ایل ایز سمیت کثیر تعدادمیں عاشقان رسول شریک ہوں گے۔جلسہ میلادالنبیﷺ کے بعد دن 10:00بجے جشن عیدمیلادالنبیﷺ کا مرکزی جلوس نکالاجائے گا۔ جلوس کی قیادت وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان، صدر مرکزی سیرت کمیٹی صاحبزادہ محمدسلیم چشتی سمیت دیگر علماء کرام کریں گے۔مرکزی جلوسِ میلادالنبیﷺ مقررہ راستوں سے گزرکر اپراڈہ مدنی چوک میں اختتام پزیرہوگا جہاں قومی سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقدہوگی، مہمان خصوصی صدر ریاست سردارمحمدمسعودخان کانفرنس کی صدارت کریں گے‘جید علماء کرام خطاب فرمائیں گے۔دیگراضلاع و ڈویژن ہاء میں اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد اور اہتمام کیا جائے گا۔تمام ضلعی صدرمقامات پر تقاریب کاانتظام دپٹی کمشنرصاحبان اور انچارج ایڈمنسٹریٹر صاحبان مقامی میلادکمیٹیوں کے اشتراک سے کریں گے۔مختلف تعلیمی اداروں ، مدارس اور ضرورت مندوں میں تحائف کی تقسیم، مٹھائی پیش کیا جائے گی۔مریضوں کی عیادت پھل اور تحائف پیش کئے جائیں گے ۔بازاروں،گلیوں محلوں، مساجد و مدارس میں صفائی ستھرائی اورتقریبات جشن عیدمیلادالنبیﷺ میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے سرکاری نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد کی ہدائت کی گئی ہے۔ مرکزی سیرت کمیٹی نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے ماہ میلادالنبیﷺ کو شایان شان انداز سے منانے کے حوالہ سے تقریبات کے شیڈول کا بھرپورخیر مقدم کرتے ہوئے جملہ عاشقان رسول سے ان تقریبات میں بڑھ چڑھ کر شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ سیکرٹری جنرل مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمد رضا نے کہاہے کہ عالم کفرمتحد ہو کر اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے اور مختلف حیلوں بہانوں سے مذہب اسلام اور پیغمبر اسلام جنابِ حضرت محمدمصطفی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں توہین کی ناپاک جسارت کی جارہی ہے ۔ ایسے حالات میں ملک میں افراتفری اور انتشار کی فضا قائم کرنے کے بجائے تمام عاشقان رسول جشن عید میلادالنبیﷺ کو بھرپور انداسے منائیں اور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کریں اور دشمنان اسلام جشن میلادالنبیﷺ مناکر پیغام دیں کہ مسلمان اپنے کریم آقا علیہ السلام سے کس قدر محبت رکھتے ہیں ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题