پریانکا گاندھی کی سیاسی میدان میں انٹری

Published on January 24, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 219)      No Comments

نئی دہلی: (یواین پی) پریانکا گاندھی واڈرا بھارت کے ایک ایسے سیاسی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، جس کے تین افراد ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اب باضابطہ طور پر عملی سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔کانگریس پارٹی نے سنہ 2019 کے عام انتخابات سے قبل پریانکا گاندھی کو باضابطہ طور پر سیاسی میدان میں اتار دیا ہے۔ پارٹی نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں مشرقی اترپردیش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور وہ فروری کے پہلے ہفتے سے اپنی ذمہ داری سنبھالیں گی۔ پریانکا گاندھی میں اندرا گاندھی کا کرشمہ جلوہ گر ہے۔ انھیں اندرا گاندھی کی بہترین شبیہ کا حامل کہا جاتا ہے اور ایک زمانے سے ان سے مطالبہ بھی کیا جاتا رہا تھا کہ وہ کانگریس کی کمان سنبھالیں تاہم وہ ہر بار سرگرم سیاست میں آنے سے گریز کرتی رہیں تھیں۔‘لیکن سنہ 2019 کے عام انتخابات سے پہلے پریانکا گاندھی نے سرگرم سیاست میں باضابطہ آنے کے لیے حامی بھر دی ہے جو کہ ہندوستانی سیاست کا سب سے بڑا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے کہا کہ انھیں ذاتی طور پر پریانکا کی جانب سے رضامندی ظاہر کرنے پر خوشی ہے۔ ان کے سرگرم سیاست میں آنے کی خبر کے ساتھ ہی ان کے انتخابات لڑنے پر سوال پوچھا گیا جس کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔بہرحال پرینکا گاندھی کو مشرقی اترپردیش کے لیے جنرل سیکریٹری مقرر کرنے سے جہاں کانگریس کے کارکنوں میں نئی جان پڑنے کی امید ہے وہیں حال ہی میں اترپردیش کی دو بڑی جماعتوں سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے اتحاد کو ایک پیغام بھی ملتا نظر آتا ہے۔ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ دونوں پارٹیوں کے سربراہان مایاوتی اور اکھلیش یادو کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔حکمراں جماعت بی جے پی نے پرینکا کی آمد کو راہل کی ناکامی قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر کانگریس کو ایک خاندان کی پارٹی کہا ہے۔ لیکن دوسری پارٹیوں نے پرینکا گاندھی کی سیاست میں آمد کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا ہے جبکہ بعض لوگوں نے اسے کانگریس کی ترکش کا آخری تیر بھی کہا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题