جدید درخواستیں۔۔۔1

Published on February 17, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 597)      No Comments

\"km
جنا ب وزیر اعظم صاحب
عنوان :درخواست برائے اجازت سیاسی ہلہ گلہ
جناب عالی
گزارش ہے کہ فدوی کوآپ جناب اور آپ کی پارلیمنٹ نے مملکت خداداد پاکستان کا صدر منتخب کیا ہوا ہے ۔چونکہ شہر اقتدار میں ان دنوں خزاں کا موسم ہے اور ہر جانب پیلاہٹ ہی پیلاہٹ نظر آتی ہے جو کہ آنکھوں کو بھلی محسوس نہیں ہوتی ۔آپ کے آ جانے سے دل ذرا بہل جاتا ہے ورنہ تو اتنے بڑے ایوان صدر میں پاکستان کے صدور کی تاریخ کو یاد کرتے ہوئے دن اور رات گزرتی ہے۔جناب زرداری کے صدارت کے نشان ایوان صدر میں جابجا نظر آتے ہیں ۔صدر ہوتے ہوئے بھی وہ کس قدر سیاسی تھے کہ انہوں نے اپنی پارٹی کا پانچ سالہ دور بچوں جیسی معصومیت کے ساتھ گزار دیا ۔عدالت نے ایک وزیر اعطم کی قربانی لی تو انہوں نے فوراً قربانی کے لئے دوسرا پیش کر دیا لیکن ان کے پارٹی کے لوگوں کی وفاداری پر بھی رشک آتا ہے کہ انہوں نے اپنے صدر کے استنثی پر حرف نہیں آنے دیا جی تو میرا بھی بہت چاہتا ہے کہ میرا بھی کوئی استثنی اس قدر مقبول ہو جائے کہ چہار عالم اس کی دھوم ہو لیکن یہ سوچ کر چپ ہو جاتا ہوں کہ کونسا استثنی ۔آپ کا بیان میڈیا میں سنا اور پڑھا کہ ہم نے صدر کا عہدہ غیر سیاسی کر دیا ہے توبے اختیار تارڑ صاحب یاد آ گئے ۔اس سے قبل کے شہر اقتدار کے گلی کوچوں میں کوئی وال چاکنگ کروا جائے کہ’’ چوہدری ظہور الہی کو رہا کرو‘‘صدر صاحب کو بے ضرر سے سیاسی ہلے گلے کی اجازت دی جائے تاکہ کہ فدوی کا دل بہل سکے ۔آپ تو جانتے ہی ہیں کہ فدوی کو بائیولوجی سے کس قدر شغف تھا اسی لئے فدوی آج کل غلام اسحاق صاحب کی بائیو گرافی کو دل جمعی سے پڑھ رہا ہے ۔
فدوی آپ کا مشکور و ممنون رہے گا
العارض
آپ کا اپنا صدر
***
جنا ب وزیر اعظم صاحب
عنوان :درخواست برائے طبی بنیادوں پر حوالگی
جناب عالی
گزارش ہے کہ جیسا کہ فدوی کی طبی صورتحال اور میڈیکل رپورٹ آپ جناب کے علم میں ہے ۔اگراس پیشی کے دن گاڑیان عین وقت پر ہسپتال کی جانب پیش قدمی نہ کرتیں تو میں جناب کا کام ہو جانا تھا ۔آپ میرا مدعا اچھی طرح سمجھتے ہوں گے ۔مجھے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چند ممالک سمجھتے ہیں کہ فدوی کا علاج بہتر طریقے سے ان ممالک کے ہسپتالوں میں ممکن ہے جب کہ ایک وکیل صاحب کے بیان آ رہے کہ فدوی آدھ گھنٹہ کی دوری پر عدالت میں پیش نہیں ہورہا اور پندرہ گھنٹے کا سفر کر سکتا ہے ۔تو ان وکیل صاحب کی خدمت میں عرض ہے کہ فدوی کسی بھی قریب ترین ملک میں بذریعہ ائر ایمبولینس جانے کے لئے تیار ہے تاکہ حکومتی خزانے پر اس حوالے سے ذیادہ خرچہ نہ پڑے ۔فدوی آپ کا مشکور رہے گا ( فدوی کی میڈیکل رپورٹ درخواست کے ساتھ لف ہے )
العارض
آپ کا اپنا۔۔۔۔۔۔
***
جنا ب وزیر اعظم صاحب
عنوان :درخواست برائے احتجاجی جلسوں میں شرکت کی اجازت
جناب عالی
گزارش ہے کہ سابقہ دور میں فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کے باوجود فدوی نے حکومت کو فری ہینڈ نہیں دیا جہاں بھی حکومت کے خلاف احتجاجی جلسے یا جلوس نکلتے تھے فدوی وہاں پہنچ جاتا تھا جس سے احتجاج میں تیزی آ جاتی تھی حالانکہ فدوی نے ہمیشہ توڑ پھوڑ کی سیاست سے بچنے کی کوشش کی لیکن مجمع بپھر جائے تو پھر اسے کنٹرول کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔اسکے باوجود میرے سامنے کسی کی جرات نہیں تھی کہ توڑ پھوڑ کر سکے ۔میرے صدر صاحب کو گھسیٹنے کے بیانات کو بھی میڈیا میں تروڑ مروڑ کر پیش کیا گیا حالانکہ فدوی چاہتا تو مرکزی حکومت نہیں چل سکتی تھی لیکن فدوی نے اسے گرانے کی کسی سازش کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ۔اب جناب ایک عجیب بات ہوئی ہے آپ تو جانتے ہی ہیں کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے فدوی نے کیسے رات ،دن ایک کیا ہوا ہے اسمبلی میں فدوی کے داخل ہونے پر مٹھائی پیش کرکے طنز کرنے کی ایک بھونڈی کوشش کی گئی ظاہر ہے اپوزیشن میری پوزیشن کو کیسے سمجھ سکتی ہے میں نے انرجی کے بحران سے نبٹنے کے لئے اپنا کوٹ بیچنے کی بات کہہ کر اپنی جان چھڑائی ہے ۔لیکن اس ایک بات ظاہر ہوتی ہے کہ کب تک ہم میٹرو ،موٹر وے ،بلٹ ٹرین کی باتیں کرکے عوام کی نگاہوں سے اپنے آپ کو اوجھل رکھ سکتے ہیں اس لئے میری آپ جناب سے استدعا ہے کہ فدوی کو عوامی احتجاجی تحریکوں ،مرکزی حکومت کے خلاف دھرنوں میں شرکت کی اجازت دی جائے تاکہ جس طرح آپ کی پیش رو حکومت نے فدوی کی احتجاجی تحریکوں ،دھرنوں سے مرکز میں اپنا وقت سکون سے گزارا آپ بھی مرکز میں سکون سے اپنا وقت گزار سکیں ۔
آپ کی عین نوازش ہوگی
العارض
آپ کا وزیر اعلی
***

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题