اسحاق ڈار نے وزارت چھوڑنے کے اسد عمر کے اعلان کو غیر ذمہ دارانہ اور بزدلانہ قرار دیدیا 

Published on April 19, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 296)      No Comments


لندن (یواین پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اسد عمر کی جانب سے وزارت چھوڑنے کے اعلان کو غیر ذمہ دارانہ اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ 8 مہینے ضائع کرنے کے بعد آئی ایم ایف کا معاہدہ فائنل سٹیج پر ہے، بجٹ میں ایک ماہ رہ گیا ہے ، اسد عمر کو میدان نہیں چھوڑنا چاہیے تھا ۔ جمعرات کو اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اسد عمر کا استعفیٰ ایک غیر ذمہ دارانہ فعل اور بزدلی کی عکاسی کرتا ہے، 2014 سے آج تک انہوں نے قوم کو حقائق مسخ کرکے جو امید دلائی یہ مناسب نہیں کہ وہ اس طرح میدان چھوڑ کر چلے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ 8 مہینے ضائع کرنے کے بعد آئی ایم ایف کا معاہدہ فائنل سٹیج پر ہے، بجٹ میں بھی ایک مہینہ رہ گیا ہے، ایسے میں اسد عمر کومیدان نہیں چھوڑنا چاہیے تھا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے پچھلے تین ہفتے کے دوران عمران نیازی کی حکومت کے جھوٹوں کی نشاندہی کی ، عوام کے معاشی مستقبل اور ترقی کی رفتار میں کمی کو میڈیا میں آکر اجاگر کیا اور بہتری کے مشورے بھی دئیے، عوام کے اوپر مہنگائی سمیت دیگر بم گرانے کے بعد اسد عمر کا یہ قدم اٹھانا درست نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ اسد عمر یا ان کے بعد آنے والے انتہائی ایمانداری کے ساتھ پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشش کریں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes