ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر کی قیادت میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی ریلی

Published on February 6, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 272)      No Comments

ٹھٹھہ: (بیورو چيف حميد چنڈ): ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر کی قیادت میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنے کے متعلق آج شاہجہان مسجد سے پریس کلب ٹھٹھہ تک “یوم یکجہتی کشمیر” ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، روینیو، سوشل ویلفیئر، انفارمیشن و دیگر مختلف محکموں کے افسران و عملہ، مختلف اسکولوں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات، سیاسی و سماجی رہنماؤں، وکلاء، صحافیوں، سول سوسائٹی اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر بینرز، پمفلیٹ اور پلی کارڈز اٹھاتے ہوئے ان کے حق میں زوردار نعرہ بازی کی گئی۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر نے پریس کلب ٹھٹھہ میں ریلی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک جنت ہے جبکہ جنت کسی کافر کو ملی ہے اور نہ ہی ملے گی اور کشمیر کو جب بھی ہماری ضرورت پڑے گی ہم تن، من اور دھن کی بازی لگا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تا قیامت جب تک یہ دنیا قائم ہے انڈیا کشمیر کو لینے میں ناکام رہا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی حیثیت اور اہمیت پاکستان کیلئے غیر معمولی ہے، 14- اگست 1947ء آزادی سے لیکر 5- فروری 2020ء تک پاکستان نے کشمیریوں کا ہر فورم پر ساتھ دیا ہے اور دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد جب کبھی اس امر کی ضرورت پڑے گی کہ ہم سب اکٹھے ہو جائیں اور کشمیر کی آزادی کیلئے پاک فوج کا بھرپور ساتھ دیں اور کشمیر کیلئے جب بھی فیصلہ کن جنگ ہوگی ہم شانہ بشانہ ساتھ ہوں گے۔ محمد عثمان تنویر نے ریلی کے شرکاء سے مخاتب ہوتے ہوئے کہا کہ میں ضلع ٹھٹھہ کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ان کے دلوں میں کشمیر کے جذبات زندہ ہیں اور اپنی تمام تر مصروفیات کو ترک کرکے اس ریلی میں شریک ہوئے اور ان کے دلوں میں پاکستانیت اور جذبہ حب الوطنی دیکھ کر سلام پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جو ظلم و ستم کے پہاڑ گرائے جا رہے ہیں اور مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے اس سے قوم کا بچہ بچہ بخوبی واقف ہے جبکہ اقوام متحدہ نیند میں سویا ہوا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی کرارداد کے مطابق عمل کیا جائے اور اسے فوری حل کیا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد حنیف میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سراج احمد میمن، ڈسٹرکٹ مینیجر سرسو احمد خان سومرو و دیگر نے کہا کہ مودی کے پاس نہ تو مندر محفوظ ہیں اور نہ ہی مساجد، مودی نے کمشیر میں جو شرمناک ظلم کیا ہے اس کی اسے جتنی سزا دی جائے کم ہے، انڈیا ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھے پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن احتجاجی مظاہرے کا مقصد نہ صرف کشمیری مسلمان بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار اور ان کی تحریک آزادی کی جدوجہد میں لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے بلکہ اقوام متحدہ تک کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے موقف کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور دنیا کے سامنے اپنا احتجاج رکارڈ کروانے کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے شعور کو بھی بیدار کیا جائے تاکہ مظلوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog