رمضان المبارک کیلئے علماء کی مشاورت سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے، وزیراعظم

Published on April 18, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 177)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی ) وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ماہ رمضان المبارک کیلئے علمائے کرام کی مشاورت سے حفاظتی تدابیر پر مبنی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔وزیراعظم نے یہ ہدایات وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کو دیں جنہوں نے ان سے خصوصی ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں نورالحق قادری نے وزیراعظم کو علمائے کرام کی صدر مملکت سے ہونے والی میٹنگ کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر میڈیا سٹریٹجی کمیٹی کے اجلاس میں قومی اور سیاسی امور پر مشاورت بھی کی گئی۔خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی رمضان المبارک کے دوران باجماعت نماز اور صلوة التراویح کے بارے میں ہفتے کو علمائے کرام سے مشاورت کریںگے۔ اس اہم اجلاس میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات پر مبنی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔صدر مملکت نے اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے نماز تراویح کے حوالے سے مشاورت جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، ساجد میر اور رانا تنویر کو بھی ٹیلی فون کیا۔ صدر عارف علوی کے زیر صدارت علمائے کرام کا مشاورتی اجلاس آج ایوان صدر میں ہوگا۔وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا اس معاملے پر کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں تراویح اور نماز جمعہ کے اجتماعات پر لائحہ طے کیا جائے گا جبکہ تمام صوبائی حکومتوں سے بھی تجاویز لی گئی ہیں۔ صدر مملکت کی ہدایات پر اتفاق رائے کیلئےمشاورت جاری ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرِاعظم نے کہا تھا کہ وہ بہت جلد علمائے کرام سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کی رہنمائی سے رمضان المبارک کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔تفصیل کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت کورونا صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں انھیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس پر بریفنگ دی گئی۔وزیرِاعظم کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا جبکہ ٹریکنگ، ٹیسٹنگ اور قرنطینہ میں منتقل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ چئیرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حفاظتی سامان کی تیسری کھیپ کل صوبوں کو ارسال کر دی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دیں کہ ماہ رمضان کے پیش نظر حکمت عملی پر غور، کورونا وائرس سے متعلق درست ڈیٹا اور معلومات پر خصوصی توجہ دی جائے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes