جذبہ ستمبر1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے،مسلح افواج نے 55 سال قبل دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،صدر عارف علوی

Published on September 6, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 159)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی) یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ جذبہ ستمبر1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے،55 سال قبل آج کے دن مسلح افواج اورقوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا،ہماری بری،بحری اورفضائی افواج نے مثالی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع ہمیں افواج پاکستان،قوم کے جذبے اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ 55 سال قبل آج کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا،مسلح افواج نے مثالی جراتمندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو شکست دی، شہدا کے اہل خانہ نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دی۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج پوری قوم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے،جذبہ ستمبر1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، فخر ہے کہ اسی جذبے کی بدولت ہم بہت سےامتحانوں میں سرخروہوئے۔صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ افواج کی پیشہ ورانہ مہارت،جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل تسخیربنا دیا، خوشی ہے کہ دفاعی میدان میں ہم خود انحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملکی استحکام ،تعمیر وترقی میں بھی کردار ادا کر رہی ہیں،ہم نے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے بھی مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے،دشمن ہمارے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں ملوث ہے،دشمن کا یہ جارحانہ رویہ خطے کے امن اور استحکام کےلئے بہت بڑا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی واضح ہے اپنے دفاع اور سلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے،دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں،کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے بیرونی جارحیت کو شکست دی، دہشت گردی اورانتہا پسندی پرقابو پایا،اب ہم معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ماد روطن پر جانیں نچھاور کرنے والے عظیم ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں،عہد کریں! وطن کی سلامتی، تحفظ اورخوشحالی کےلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes