خواتین کے عالمی دن کے حوالے اوکاڑہ یونیورسٹی میں تقریبات کا آغاز

Published on March 8, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 237)      No Comments

خواتین معاشرے کا اہم جزو ہیں، ان کو مضبوط بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں: وائس چانسلر
اوکاڑہ (یواین پی) اوکاڑہ یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے دو روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے جس میں اوپن مائک سیشن اور سیمینار شامل ہیں۔ ان تقریبات کا اہتمام یونیورسٹی کی خواتین اساتذہ کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات کی طالبات اور مقامی فلاحی اداروں کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے ہیں جن کا مقصد طالبات میں خواتین کے حقوق کی آگہی پیدا کرنا ہے۔ اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے خواتین کے عالمی دن پہ اپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ خواتین معاشرے کے اہم جزو ہیں اور ان کی شمولیت کے بغیر معاشرتی و اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کی انتظامیہ معاشرے سے صنفی تفریق کے خاتمے کےلیے طلباٰء اور طالبات کو اعلی تعلیم کے مساوی مواقع اور سہولیات کی فراہمی کےلیے کوشاں ہے۔ تقریب کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ ایجوکیشن کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نسرین اختر کا کہنا تھا کہ اس سال کی تقریبات کا عنوان “خواتین اور لیڈرشپ” ہے اور ہم لیکچرز اور تقاریر کے ذریعے اس حقیقت کو آشکار کرنے کی کوشش کریں گے کہ خواتین معاشرتی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے کی اہل ہیں اور وہ کسی بھی لحاظ سے صنف مخالف سے کم نہیں۔
تقریب میں موجود دیگر مقررین نے بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن کو منانے کا مقصد طالبات میں اس بات کا شعور بیدار کرنا ہے کہ وہ معاشرے میں اپنے حقوق کےلیےپر اعتماد طریقے سے جدوجہد کر سکیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy