شیعہ علماء کونسل کا پابندی کے باوجود یوم علی پر جلوس نکالنے کا اعلان

Published on May 2, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 113)      No Comments

مذہبی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں ، کورونا کے نام پر یوم علی پر پابندی قبول نہیں کی جائے گی ، مجلس وحدت مسلمین نے بھی یوم علی کے موقع پر جلوس پر لگائی گئی پابندی کو مسترد کردیا
لاہور (یواین پی)شیعہ علماء کونسل نے پابندی کے باوجود یوم علی پر جلوس نکالنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر شیعہ علماء کونسل پنجاب علامہ سبطین سبزواری نے کہا ہے کہ مذہبی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں ، یوم علی کے جلوس کورونا ایس او پیز کے تحت نکالے جائیں گے ، کورونا کے نام پر یوم علی پر پابندی قبول نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین نے بھی یوم علی کے موقع پر جلوس پر لگائی گئی پابندی کو مسترد کردیا ، سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ یوم علی روایتی انداز سے منایا جائے گا ، عزاداری میں رکاوٹ قبول نہیں کی جائے گی ، حکومت فول پروف سکیورٹی فراہم کرے۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے یوم علیؓ پر ہر قسم کے جلوسوں پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے ، یوم علی کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم علیؓ کی مناسبت سے جلوسوں کو اجازت نہیں دی جائے گی ، تاہم یوم علیؓ پر مجالس کے انعقاد کی مشروط اجازت دی جائے گی لیکن ان مجالس کا انعقاد ایس او پیزکے تحت ہوگا اور یہ مجالس محدود پیمانے پر منعقد کی جائیں گی۔دوسری طرف کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے علماء کرام کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی وباء کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر عمل در آمد کے لئے 14 علما کرام سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ، اس دوران صدر مملکت نے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرانے کیلئے علما سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ، ٹیلی فونک گفتگو میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ علما کرام کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرائیں ، علما لوگوں کو ماسک پہننے اور وبا کی روک تھام کیلئے حکومت کے ساتھ تعاوَن کی تلقین کریں۔بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت کی مفتی محمد تقی عثمانی اور پیر محمد امین الحسنات سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ، جس میں مفتی تقی عثمانی نے انسداد کورونا کیلئے صدر مملکت عارف علوی کے کردار کو سراہا ، مفتی تقی عثمانی کی صدر مملکت سے اوقاف بل پر جلد پیش رفت کرانے کی بھی درخواست کی ، جب کہ پیر محمد امین الحسنات نے اہم امور پر علما سے مشاورت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا ، اس کے علاوہ صدر مملکت کی پير نقیب الرحمان ، راجہ ناصر عباس سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme