حلقہ پی پی 38 مسلم لیگ ن کو 30 سال بعد اس نشست پر شکست

Published on July 29, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 120)      No Comments

سیالکوٹ ( یواین پی )پی پی 38 سیالکوٹ ضمنی الیکشن، مسلم لیگ ن کو 30 سال بعد اس نشست پر شکست، تحریک انصاف پنجاب کا اہم ترین حلقہ ن لیگ سے چھین کر صوبے کی سیاسی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ ختم ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق اب تک 165 میں سے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں ، جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 62 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فتحیاب قرار پائے، جبکہ لیگی امیدوار طارق سبحانی 53 ہزار 471 ووٹ حاصل کر سکے، یوں حکمراں جماعت نے یہ ضمنی الیکشن جیت لیا، تاہم سرکاری اعلان ہونا باقی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کو سیالکوٹ کی اس نشست پر 30 سال بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران ن لیگ ہمیشہ اس نشست پر فتحیاب ہوتی رہی، تاہم اب حکمراں جماعت تحریک انصاف نے ن لیگ کی مضبوط ترین نشست چھین لی ہے۔ دوسری جانب ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے حوالے سے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی 38 میں بلے نے شیر کی ٹانگیں توڑ دیں، آرکریں گے پار کریں گے، شیر کے ٹکڑے 4 کریں گے۔اس سے قبل حلقے میں ضمنی انتخاب کیلئے ووٹنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی تاہم ووٹنگ سے قبل بارش کے باعث بعض مقامات پر عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس سے پولنگ کا عمل جزوی طور پر متاثر ہوا۔ ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی اور نون لیگی کارکن بھی آمنے سامنے آئے۔پولنگ اسٹیشن وارڈ 122 اور 123 پر پاکستان تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں رینجرز نے مشتعل کارکنان میں بیچ بچائوکرایا۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں اور رینجرز نے صورتِ حال پر قابو پا لیا اور پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہا۔ خیال رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے چودھری خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ، پنجاب اسمبلی کے حلقہ 38 پر کل 8 امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ حلقہ پی پی 38 میں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 422 ہے، جن کے لئے 165 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ، حلقہ میں مردوں کیلئے 262 اور خواتین کیلئے 225 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题