پاکستان مظلوم کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا محمد علی اعجاز

Published on February 5, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 84)      No Comments

اوکاڑہ(یواین پی)ڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا کشمیر ایک نامکمل ایجنڈا ہے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دئیے بغیر یہ نامکمل ایجنڈا مکمل نہیں ہو سکتا کشمیر کے مسئلہ پر پوری پاکستانی قوم یک زبان ہے کیونکہ ہر پاکستانی کا کشمیر سے جذباتی لگاؤ ہے کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا آزاد ہو گا جس کے لئے مظلوم کشمیری جدو جہد کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں یوم یکجہتی کشمیر 5فروری کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی وٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق،ٹکٹ ہولڈر مہر محمد جاوید،سید زاہد گیلانی،راؤ محمد صفدر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسین خالد سنپال سمیت سیاسی و سماجی کارکنوں،ٹکٹ ہولڈرز کے نمائندوں،شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز،جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق،ایس پی انویسٹی گیشن معاذ ظفرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی جد و جہد آزادی کے ساتھ مکمل اتحاد و یگانگت اور ان کے ساتھ بھائی چارے کا عزم مصمم کرتے ہیں اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور مظلوم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو دبانے کے لئے بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ہم اہل کشمیر کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہر پاکستانی کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کروانے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے گا۔مقررین نے کہا کہ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی ہے کہ بھارت اب تک مظلوم اور اپنی آزادی کے لئے جدو جہد کرنے والے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے سے انکاری ہے اور آج تک ہزاروں کشمیری مسلمانوں کو شہید کیا جا چکا ہے انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملے گا اوران کی جد و جہد آزادی سے ہمکنار ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہاکہ کشمیر کے سلسلہ میں بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے جو تاریخی الفاظ کہے تھے کہ ”کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے “ایک زندہ حقیقت ہے پاکستان کا ہر شہری اور کشمیر کا ہر فرد جانتا ہے کہ مظلوم کشمیری مسلمانوں کی جد و جہد ایک نعرے “کشمیر بنے گا پاکستان “کے گرد گھومتی ہے جد و جہد آزادی کشمیر کی تحریک میں مسلمان خواتین نے جو انقلابی کردار ادا کیا ہے اس نے بھارت کے ظالمانہ کردار اور بھیانک چہرہ کو بے نقاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری مسلمانوں کی قربانیاں انشاء اللہ جلد رنگ لانیو الی ہیں اور کشمیری شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ان کو آزادی ملے گی اور “کشمیر بنے گا پاکستان “کا نعرہ سچ ثابت ہو گا۔ ڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجازنے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر مظلوم کشمیریوں کی جدو جہد آزادی اور ا ن کی قربانیوں کو پوری دنیا کے سامنے آشکار کرنے کا دن ہے یہ دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ، ایک اصولی موقف اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مقدمہ کو تمام عالم کے سامنے رکھنے کا دن ہے پاکستان کا ہر شہری اپنے حق کے لئے جدو جہد کرنے والے نہتے کشمیریوں کے ساتھ ہے انہوں نے کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی سطح پر بھر پور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کو ان کی تحریک آزادی کے کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے یوم یکجہتی کشمیر پوری دنیا میں منایا جا رہا ہے اور پوری دنیا کی توجہ کشمیر میں روا رکھے جانے والے بھارتی مظالم پر مرکوز کروانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر غاضبانہ قبضہ بنیادی انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کے خلاف ہے پاکستان کا ہر شہری کشمیریوں کی آواز بنے گا اور ان کا مقدمہ ہر ملک اور ہر فورم پر پیش کیا جائے گا بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا جدید دنیا میں کشمیر کا مسئلہ براہ راست انسانی حقوق اور کشمیریوں کی الگ شناخت سے جڑا ہو اہے قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز، جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی وٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق،ٹکٹ ہولڈر مہر محمد جاوید،سید زاہد گیلانی،راؤ محمد صفدرافسران اور شرکاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور آزادی کشمیر کی جد و جہد میں شہیدہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ بعد ازاں شرکاء تقریب نے پاکستانی قوم کی جانب سے کشمیریوں کی بھرپور حمایت میں ایک واک کی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجازسمیت پاکستان تحریک انصاف کی ضلعی قیادت نے مشترکہ طور پر کی واک میں عمائدین علاقہ،نمایاں شہریوں،وکلاء صحافیوں،افسران،خواتین،اساتذہ اور طالب علموں نے بھر پور شرکت کی۔بعد ازاں گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج اوکاڑہ اور گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول میں بھی کشمیر ڈے کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئی تقریبات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال نے شرکت کی۔اس موقع پر طالبعلموں کے درمیان تقریری مقابلہ جات ہوئے۔گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول کی طالبات نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے بعد ازاں کشمیریوں سے اظہار یکجتی کے لئے واکس بھی کی گئیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题