علماء کرام مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں غضنفر علی قادری

Published on September 17, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 65)      No Comments

صفائی ستھرائی ، پینے کے پانی کی سپلائی، ڈرینیج ، روشنی سمیت سیکورٹی کے بہتر انتظامات کئے جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ
ٹھٹھہ(یواین پی/ حمید چنڈ) : ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری کی زیر صدارت شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی، صفائی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد نواز قریشی، رینجرز انسپکٹر احمد حسین محکمہ پبلک ھیلتھ، حیسکو، میونسپل، ٹاؤن و دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ صدر مجلس وحدت المسلمین ڊاکٹر عبدالحسين شاهه، صدر عزاداي کونسل سيد جاويد شاهه، صدر شیعہ علماء کونسل سید طالب حسین شاہ اور دیگر مختلف مکتبہ فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام پر زور دیا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام سمیت دیگر تمام شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر آپس میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ منعقد ہونے والی مجالس، ماتمی جلوس اور دیگر مذہبی پروگرام پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹھٹھہ ضلع ہمیشہ پرامن رہا ہے، پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، اس کے باوجود رینجرز کے جوان بھی پولیس کے ساتھ سیکیورٹی اور امن و امان کی بحالی کے لئے اپنے فرائض سرانجام ديں گے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ، میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ اور تمام ٹاؤن افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ چہلم کے موقع پر شہروں میں صفائی ستھرائی ، پینے کے پانی کی سپلائی، ڈرینیج اور روشنی کا بہتر بندوبست کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسرا ن کو ہدایت دی کہ چہلم کے موقع پر برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر میڈیکل کیمپس کے قیام سمیت ایمبولنس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ چہلم کے موقع پر باالخصوص رات کے وقت لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے اور جلوسوں کے روٹس پر بجلی کی تاریں اوپر کی جائیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے بتایا کہ چہلم کے موقع پر ضلع بھر میں ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے کانٹیجنسی پلان کے تحت فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ قبل ازیں اجلاس کو تمام متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog