بینکنگ کورٹ کو عمران خان کی ضمانت کے فیصلے سے روکنے کا تحریری آرڈر جاری

Published on February 18, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 70)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ کو عمران خان کی ضمانت کے فیصلے سے روکنے کا تحریری آرڈر جاری کر دیا۔جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔عمران خان کے وکلاء ہائی کورٹ کے حکمنامے کی کاپی جمع کرانے بینکنگ کورٹ پہنچ گئے، بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کیس کی سماعت کریں گی۔ہائی کورٹ نے بینکنگ کورٹ کو عمران خان کی ضمانت پر فیصلے سے روک رکھا ہے، بینکنگ کورٹ نے ہائی کورٹ کے آرڈر کی کاپی آج تک جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکمنامے کے مطابق عمران خان کو آئندہ سماعت پر اپنی تازہ میڈیکل رپورٹ پیش کرنا ہو گی، بینکنگ کورٹ دیگر شریک ملزمان کی درخواستوں پر کارروائی جاری رکھے۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے وکیل نے جو نکات اٹھائے وہ توجہ طلب ہیں، وکیل نے بتایا بینکنگ کورٹ نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی، وکیل کے مطابق بینکنگ کورٹ کو یقین دہانی بھی کرائی گئی آئندہ سماعت پر عمران خان پیش ہوں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ طبی بنیادوں پر عمران خان نے ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست کی تھی۔واضح رہے کہ 15 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بینکنگ کورٹ کو 22 فروری تک عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلے سے روک دیا تھا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy