خدمت انسانیت میں اخلاص سے کیے جانے والے کام رب تعالیٰ خود کرواتا ہے ۔ڈاکٹر مشتاق خان

Published on March 10, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 180)      No Comments

بالاکوٹ(یواین پی)بالاکوٹ کے دورا فتادہ گاﺅں کوٹ گلی کے بنیادی مرکز صحت میں تعینات ہمدرد میڈیکل ٹیکنیشن نے مریضوں کی دیکھ بھال اور انہیں اپنی مدد آپ کے تحت ادویات کی مفت فراہمی میں مسیحائی کی بے مثل مثال سے سرکاری ادارہ کو نمایاں حیثیت دلا رکھی ہے،صحت گھر بنیادی مرکز صحت گاﺅں کوٹ گلی یونین کونسل ست بنی میں مسیحائی کا درجہ رکھنے والے انچارج ٹیکنیشن محمد مشتاق خان کی شبانہ روز کوششوں اور غریب،لاچار اور تنگ دست بے حال مریضوں کو اپنے دوست احباب کی مدد سے ادویات کی مفت فراہمی سے صحت گھر کوٹ گلی کو نمایاں حیثیت کے ساتھ بے مثال بنا دیا ہے،غریب اور لاچار وبے کس ضرورت مند افراد جھولیاں اٹھا اٹھا کر مہربان اور رحم دل ٹیکنشین اور ان کے عملہ کیلئے دعائیں مانگنے لگے ہیں،اس سلسلہ میں گزشتہ روز بنیادی مرکز صحت کوٹ گلی کا تفصیلی دورہ کیا گیا جس میں وہاں آنے والے مریضوں نے اس امر کا اعتراف کیا کہ واقعی اس مرکز میں تعینات میڈیکل ٹیکنیشن ڈاکٹر مشتاق خان نے اپنے عمل اور فرض شناسی سے تقدیر بدل کر رکھ دی ہے،مریضوں کے مطابق جو کوئی بھی مستحق اور تنگدست مریض ادویات کی خریداری کی استطاعت نہیں رکھتا اور سرکاری طور پر مرکز صحت میں وہ ادویات دستیاب نہیں ہوتی تو مشتاق خان اپنے دوست احباب کی مدد وتعاون سے وہ ادویات بالاکوٹ،مانسہرہ یا ایبٹ آباد سے خرید کر اس مریض کی دہلیز تک پہنچاتے ہیں،مقامی افراد نے بھی بتایا ہے کہ اس طرح کے سینکڑوں مستحق مریض ہے جو کہ اس دیہات سے کرایہ ادا کر کے سفری مشکلات کی بھی استطاعت نہیں رکھتے انہیں گھر بیٹھے مفت ادویات کی فراہمی کی جاتی ہے،دوسری جانب مرکز صحت کوٹ گلی یونین کونسل ست بنی کے انچارج ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں اور ہمیشہ اپنے مالک کے شکر گزار رہتے ہیں جو کہ ان سے دکھی انسانیت کی خدمت کا کام لے رہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس روزانہ درجنوں مریض آتے ہیں اور ان کا تمام عملہ اپنے فرائض کی بجا آوری میں پیش پیش رہتا ہے،ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ خدمت انسانیت میں اخلاص سے کیے جانے والے کام رب تعالیٰ خود کرواتا ہے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme